متحدہ عرب امارات کی نجی ایئرلائن کا مسافر طیارہ روس میں گر کر تباہ، 62 افراد ہلاک

حادثہ خراب موسم باعث پیش آیا‘ لینڈنگ کے دوران طیارہ پہلے زمین سے ٹکرایا اور پھر ٹکروں میں تقسیم ہوگیا،ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ

ہفتہ 19 مارچ 2016 11:46

ماسکو/دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 مارچ۔2016ء ) دبئی سے روس جانے والا متحدہ عرب امارات کی نجی ایئرلائن 'فلائی دبئی' کا مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں عملے کے 6 ارکان سمیت 62 افراد ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بوئنگ 737 طیارہ روس کے جنوبی شہر روستو آن ڈان کے ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوا۔

مقامی وزارت ایمرجنسی کی ترجمان مرینا کوسٹیوکووا کا کہنا تھا کہ طیارے میں 55 مسافر اور عملے کے چھ ارکان سوار تھے، جبکہ پرواز دبئی سے روستو آن ڈان آرہی تھی۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے پاس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے حوالے سے کوئی اطلاعات نہیں ہیں۔روسی میڈیا کے مطابق حادثہ کا شکار ہونے والا طیارہ دبئی کی ایئرلائن ’فلائی دبئی‘ کا تھا، جبکہ حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا۔

(جاری ہے)

ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ لینڈنگ کے دوران طیارہ پہلے زمین سے ٹکرایا اور پھر ٹکروں میں تقسیم ہوگیا۔کمپنی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دبئی سے روس ٹوف جانے والی پرواز FZ981 لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوئی ہے۔ اس حوالے سے مزید تفصیلات جلد سامنے لائی جائیں گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال 3 اکتوبر کو بھی روسی طیارہ مصر میں دوران پرواز تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں عملے کے ارکان سمیت جہاز میں سوار تمام 224 مسافر ہلاک ہوگئے تھے۔تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ جہاز کو بم دھماکے سے تباہ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :