مشرف واپس نہ آئے تو ذمہ دار نوازشریف حکومت ہو گی۔پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینا سپریم کورٹ کا نہیں بلکہ حکومت کا فیصلہ تھا۔خورشیدشاہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 19 مارچ 2016 12:00

مشرف واپس نہ آئے تو ذمہ دار نوازشریف حکومت ہو گی۔پرویز مشرف کو بیرون ..

سکھر(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19مارچ۔2016ء) قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ اگر مشرف واپس نہ آئے تو اس کی ذمے داری موجودہ حکومت پر آئے گی۔سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ مشرف کے باہر جانے پر پیپلزپارٹی کو کوئی اعتراض نہیں لیکن اعتراض صرف یہ کہ مشرف پر آرٹیکل 6 کے ساتھ بے نظیر بھٹو شہید کے قتل کا بھی الزام ہے،خواجہ سعد رفیق ٹھیک کہتے ہیں کہ مشرف گلے کا کانٹا بنے ہوئے تھے کیونکہ حکومت کے گلے میں اب تک کانٹوں کے نشان نظر آرہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پی آئی اے نجکاری بل کے حوالے سے حکومت سے کوئی مک مکا نہیں ہوا،چاہتے ہیں کہ پی آئی اے کا مسئلہ ایسے حل ہو جس میں قومی ائیرلائن کو نقصان نہ ہو، دعا ہے میچ پاکستان جیتے،کرکٹ کو سیاست نہیں سمجھتے۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ پرویز مشرف کو باہر جانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرنا حکومت کا کام ہے، معاملے پر ڈیل ہوئی، خوفزدہ ہوئے یا پھر جان چھڑائی گئی، خدا کرے جمہوریت پر مک مکا نہ ہو۔

خورشید شاہ نے کہا کہ پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینا سپریم کورٹ کا نہیں بلکہ حکومت کا فیصلہ تھا‘انہوں نے کہا کہ معاملے پر ڈیل ہوئی یا حکومت خوفزدہ ہوئی یا پھر اس نے جان چھڑائی ہے۔ خورشید شاہ نے پرویز مشرف پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی فیصلہ آتے ہی ہسپتال میں آکسیجن بھی اتر گئی۔اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ پرویز مشرف نے نواز شریف کی جمہوری حکومت ختم کی تھی، سابق صدر سمیت آئین توڑنے کے تمام ذمہ داروں پر آرٹیکل6 لگنا چاہئے۔

نوازشریف نے اپنی تکلیفیں بھلا دیں تو ہمیں بھی کیا اعتراض، میاں بیوی راضی تو کیا کرے گا قاضی۔خورشید شاہ نے کہا کہ ای سی ایل سے مشرف کا نام نکلا تو انہوں نے فورا اپنی آکسیجن ہٹائی دو مکے دکھاکرباہر چلے گئے۔ مشرف جسطرح گئے ہیں واپس نہیں آئیں گے۔خورشید شاہ نے کہا کہ مشرف کیخلاف مقدمہ 12 اکتوبر کے اقدام پر بنتا ہے مگر حکومت نے 3 نومبر کی ایمرجنسی پر آرٹیکل6 کا مقدمہ دائر کیا، اب اگر حکوت راضی ہے تو ہمیں بھی کوئی اعتراض نہیں۔

انہوں نے سعد رفیق کہ اس بیان پر کہ مشرف حکومت کے گلے کا کانٹا بنے ہوئے تھے، کہا کہ گلے کاکانٹا زخم چھوڑ گیا ہے،دیکھنا ہوگا کہ حکومت اب کونسی اینٹی بائیوٹک استعمال کرتی ہے۔خورشید شاہ نے کہا کہ پرویز مشرف تو بے نظیر بھٹو قتل کیس میں بھی نامزد ہیں حکومت انہیں اس کیس میں کیسے واپس لائی گی۔