فلائی دبئی میں طیارہ حادثے پر بیان جاری کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 19 مارچ 2016 12:19

فلائی دبئی میں طیارہ حادثے پر بیان جاری کر دیا

دبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19مارچ 2016ء): فلائی دبئی نے آج صبح ہونے والے طیارہ حادثے پر بیان جاری کر دیا ہے ۔ اپنے بیان میں فلائی دبئی کی جانب سے کہا گیا کہ ہمیں یہ بتاتے ہوئے انتہائی دکھ ہے کہ طیارے میں موجود کوئی بھی زندہ نہیں بچ سکا۔فلائی دبئی نے کہا کہ تاحال ہم کوئی بھی مزید معلومات فراہم نہیں کر سکتے تاہم لواحقین کو طیارہ حادثہ سے متعلق مزید معلومات کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ فی الوقت ہم دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین اور طیارے پر موجود عملے کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ بیان میں بتایا گیا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں 55افراد جاں بحق ہوئے جن میں 33خواتین،18مرد،4بچے اور 7عملے کے لوگ شامل تھے، فلائی دبئی نے اس ضمن میں مزید معلومات کے لیے ریسکیو حکام اور موقع پر موجود ایجنیسز سے بھی رابطہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

فلائی دبئی نے طیارہ حادثے کی معلومات حاصل کرنے کے لیے ہیلپ لائن نمبرز بھی متعارف کروادئے ہیں۔ بیان میں بتایا گیا کہ لواحقین ان نمبرز پر رابطہ کر سکتے ہیں: +44 203 450 8853 (UK) +971 (0) 42934100 (UAE)۔

مزید یہ کہ اس حوالے سے ایک میڈیا کال سینٹر بھی قائم کر دیا گیا ہے جس کا نمبر +1407 205 1813 ہے۔ دوسری جانب دبئی میڈیا آفس نے حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کی قومیت سے متعلق تفصیلات جاری کر دی ہیں۔دبئی آفس کی جانب سے ایک ٹویٹ میں بتایا گیا کہ ہلاک ہونے والے افراد میں44افراد کا تعلق روس،8کا یوکرین ،دو کا بھارت اور ایک شخص کا ازبکستان سے ہے۔

تاہم کریو ممبرز کی قومیت سے متعلق مطلع نہیں کیا گیا۔روس کی وزارت برائے ایمرجنسی کی جانب سے جاری ایک فہرست میں بتایا گیا کہ فلائی دبئی کی پرواز میں 55مسافر سوار اور ساتھ کریو ممبرز تھے۔وزارت کی جانب سے بھی طیارے میں موجود تمام افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔