پناہ گزینوں سے متعلق ترکی اور یورپی یونین کا معاہدہ دوہرے معیارات کا ثبوت ہے: ایمنسٹی انٹرنیشنل

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 19 مارچ 2016 12:22

پناہ گزینوں سے متعلق ترکی اور یورپی یونین کا معاہدہ دوہرے معیارات کا ..

بون(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19مارچ۔2016ء) انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ترکی کے ساتھ پناہ گزینوں کے متعلق معاہدے کے لیے یورپی رہنماوں پر ’دوہرے معیار‘ برتنے کا الزام لگایا ہے۔ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ اس معاہدے نے ’پناہ گزینوں کے عالمی بحران سے یورپی یونین کے منھ پھیرنے کے سخت رویے کو واضح کر دیا ہے۔

اس منصوبے کہ تحت جو پناہ گزین یونان کے ساحل پر وارد ہوں گے اگر پناہ حاصل کرنے کے ان کے دعووں کو مسترد کر دیا گیا تو انھیں ترکی واپس بھیج دیا جائے گا اور اس کے بدلے ترکی کو امداد اور سیاسی مراعات ملیں گیں۔یورپ اور وسط ایشیا کے لیے ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ڈائرکٹر جان ڈلہاوزین نے کہا یورپی یونین کے ذریعے بین الاقوامی اور یورپی قوانین کی پاسداری کے عہد کے تحت ’یورپ میں پناہ گزینوں کے تحفظ کے قانون کو شیرینی میں بجھی ہوئی زہر کی گولی کی طرح کھانے پر مجبور کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا جس طرح یونان کے جزائر پر آنے والے تمام غیر مستقل پناہ گزینوں کو ترکی بھیجنے کا معاہدہ کیا گیا ہے وہ بین الاقوامی قوانین کی ذمہ دارانہ پاسداری کی ضمانت نہیں ہے۔ڈلہاوزین نے کہا ہے کہ ’ترکی پناہ گزینوں کے لیے محفوظ ملک نہیں ہے اور کسی بھی پناہ گزین کو ان کے دعوے کی بنیاد پر واپس بھیجنا غلط ہے، غیر قانونی اور غیر اخلاقی ہے۔

برسلز میں ہونے والی سربراہی کانفرنس میں سامنے آنے والے منصوبے سے یہ امید کی جارہی تھی کہ ترکی سے یونان جانے کے لیے سمندر کے خطرناک راستے کو اختیار کرنے سے لوگوں کو روکا جا سکے گا۔معاہدے کے ایک حصے کے طور پر یورپی ممالک ترکی میں پہلے سے رہنے والے شامی پناہ گزینوں کو از سر نو آباد کریں گے۔ یورپی رہنماوں نے اس معاہدے کا استقبال کیا ہے لیکن جرمنی کی چانسلر اینگیلا میرکل نے قانونی چیلنجز کے لیے متنبہ کیا ہے۔بعض یورپی رہنماوں نے ترکی میں انسانی حقوق کے ریکارڈ پر خدشات کا اظہار کیا ہے جبکہ ترکی کے وزیر اعظم احمد داود اغلو نے اسے ’تاریخی‘ قرار دیا ہے۔