معروف ریسلر اسٹنگ انجری کے باعث ریٹائر ہوگئے

ہفتہ 19 مارچ 2016 12:24

معروف ریسلر اسٹنگ انجری کے باعث ریٹائر ہوگئے

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 مارچ۔2016ء) اپنے دور کے مقبول ترین ریسلرز میں سے ایک اسٹنگ کا کیرئیر باضابطہ طور پر ختم ہوگیا ۔امریکی جریدے فوربس کی رپورٹ کے مطابق 56 سالہ ریسلر کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹنگ اب کبھی رنگ میں اتر نہیں سکیں گے۔ذرائع نے بتایا کہ اسٹنگ نے متعدد ڈاکٹروں سے رجوع کیا جنھوں نے متفقہ طور پر رائے دی ہے کہ ان کیلئے رنگ میں دوبارہ اترنا زندگی کیلئے بہت خطرناک بھی ثابت ہوسکتا ہے۔

گزشتہ سال ستمبر میں سیٹھ رولنز کے ساتھ ڈبلیو ڈبلیو ای نائٹ آف چیمپئنز میں مقابلے کے دوران اسٹنگ شدید زخمی ہوگئے تھے۔ڈاکٹروں نے گردن اور ریڑھ کی ہڈی سے جڑنے والے مقام پر نقصان کی نشاندہی کی تھی جس کے نتیجے میں اعصاب پر اثرات مرتب ہوتے ہیں اور بہت زیادہ درد ہونے لگتا ہے۔

(جاری ہے)

یہی وہی بیماری ہے جس کے نتیجے میں 2011 میں ایک اور مقبول ریسلر ایج ریٹائر ہونے پر مجبور ہوگئے تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسٹنگ اس حوالے سے باضابطہ اعلان آئندہ ٹیکساس میں ڈبلیو ڈبلیو ای کی ہال آف فیم تقریب میں شرکت کے دوران کرسکتے ہیں۔یہ اطلاعات ہیں کہ اسٹنگ ڈبلیو ڈبلیو ای میں انتظامی عہدے پر کام کرنے کے لیے تیار ہیں جیسے جنرل منیجر یا ڈبلیو ڈبلیو ای کے ایمبسیڈر وغیرہ۔خبر سے ان پرستاروں کو مایوسی ہوگی جو انڈرٹیکر اور اسٹنگ کے درمیان ڈریم میچ کو دیکھنا چاہتے تھے اور اسٹنگ خود بھی اس کے خواہشمند تھے۔

متعلقہ عنوان :