گندم کی فصل میں موجود جڑی بوٹیاں تلف کرنے کی جانب خصوصی توجہ دی جائے ‘محکمہ زراعت پنجاب

چوہوں کے حملے کو روکنے کیلئے بھی بر وقت اقدامات کی ضرورت ہے ‘ترجمان گندم پر سست تیلے کا حملہ بھی ہو سکتا ‘ رواں ماہ مارچ کے آخر تک شدت اختیار کرنے کا خدشہ ہوتا ہے ‘ بیان

ہفتہ 19 مارچ 2016 13:11

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 مارچ۔2016ء)محکمہ زراعت پنجاب نے کہاہے کہ گندم کی فصل میں موجود جڑی بوٹیاں تلف کرنے کی جانب خصوصی توجہ دی جائے جبکہ چوہوں کے حملے کو روکنے کیلئے بھی بر وقت اقدامات کی ضرورت ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گندم کی جڑی بوٹیوں کا خاتمہ اشد ضروری ہے اور اگر سپرے کرنے کے باوجود بھی کہیں جڑی بوٹیاں رہ گئی ہوں تو ان کی تلفی کی جانب خصوصی توجہ دی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گندم کی فصل پر چوہوں کے حملے کی صورت میں ان کی تلفی کیلئے زنک فاسفائیڈ کی گولیاں یا ڈیٹیا گیس کی ٹکیاں استعمال کی جائیں ۔انہوں نے کہا کہ گندم پر سست تیلے کا حملہ بھی ہو سکتا ہے جس کے رواں ماہ مارچ کے آخر تک شدت اختیار کرنے کا خدشہ ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سست تیلے کے خلاف زرعی زہریں استعمال نہ کی جائیں کیونکہ اس سے جہاں برے اثرات مرتب ، ماحول آلودہ ، انسانی صحت کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں وہیں مفید کیڑے بھی ہلاک ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قدرتی بارش بھی گندم کی فصل سے سست تیلے کے خاتمہ کا ذریعہ بن سکتی ہے۔