فیصل آباد،گرین پاکستان پروگرام کے تحت شجرکاری مہم کا آغاز

ہفتہ 19 مارچ 2016 13:21

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19 مارچ۔2016ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کے گرین پاکستان پروگرام کے تحت شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیاہے۔ یونیورسٹی کے شعبہ فارسٹری اور ڈائریکٹوریٹ آف فارمز کے زیراہتمام موسم بہار کی شجرکاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خان نے کہا کہ قومی پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے یونیورسٹی حکومت کے فارسٹری ڈیپارٹمنٹ سے وابستہ جملہ ذمہ داران کی استعدادکار میں اضافہ کیلئے تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں جنگلات کی کم ہوتی ہوئی شرح میں فارسٹری سٹاف کی مجرمانہ غفلت اور ان کی ٹمبرمافیا سے ملی بھگت کانمایاں کردارہے جس کی وجہ سے آج پاکستان عالمی سطح پر جنگلات کی کم سے کم شرح میں شرمناک حد تک بہت پیچھے رہ گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیراعظم پاکستان کی طرف سے آئندہ پانچ برسوں میں ملک کے طول و عرض میں 10کروڑ درخت لگانے کے عزم کواہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کے ماہرین پروگرام کی کامیابی میں ہر طرح سے اپنا حصہ ڈالیں گے۔

انہوں نے کہاکہ نہروں اور بڑی شاہراؤں کے کناروں کے ساتھ ساتھ پہلے سے موجود جنگلات میں درختوں کی تعداد کو بڑھانے کا پروگرام دور رس نتائج کا حامل ہوگا۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان میں 1990ء کے اوائل میں جنگلات کا رقبہ ملک کے مجموعی رقبے کا 3.4فیصد تھا جو اب مزید کم ہوکر صرف 2فیصد رہ گیا ہے ۔ ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں درختوں کی خاطر خواہ تعداد کے پیش نظر عالمی سطح پر اسے دنیا کی 25ویں گرین یونیورسٹی قرار دیاگیا ہے جبکہ یہی درخت شہر کے عمومی درجہ حرارت سے یونیورسٹی کے ٹمپریچر کوکم سے کم 2سینٹی گریڈ کم رکھنے میں بھی معاون ثابت ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کوعالمی برادری میں ماحولیاتی تحفظ اور جنگلات کی شرح میں اضافہ کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہیں جس کیلئے وزیراعظم کا پروگرام بروقت اور درست سمت میں اہم قدم ہے جسے کامیابی سے ہمکنار کرنے میں یونیورسٹی اپنی ساری توانائیاں صرف کرے گی۔

متعلقہ عنوان :