چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے اورنج لائن ٹرین منصوبے کےخلاف مختلف درخواستوں کی سماعت کے لئے فل بینچ تشکیل دیدیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 19 مارچ 2016 13:46

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے اورنج لائن ٹرین منصوبے کےخلاف مختلف درخواستوں ..

لاہور(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19مارچ۔2016ء) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس اعجاز الاحسن نے اورنج لائن ٹرین منصوبے کےخلاف مختلف درخواستوں کی سماعت کے لئے فل بینچ تشکیل دیدیا ہے جو21 مارچ سے سماعت شروع کرے گا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے جسٹس خالد محمود خان کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ تشکیل دیا ہے ، فل بینچ اورنج لائن ٹرین منصوبے کے خلاف ایک ہی نوعیت کی مختلف درخواستوں پر سماعت کرے گا۔

بینچ کے دیگر اراکین میں جسٹس عابد عزیز شیخ ، جسٹس شاہد بلال حسن ، جسٹس شاہد کریم اور جسٹس علی اکبرقریشی شامل ہیں۔ اس سے قبل منصوبے کے خلاف درخواستوں پر دو رکنی بنچ سماعت کر رہا تھا۔لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے منصوبے کے راستے میں آنے والے تاریخی سمیت دیگر مقامات پر حکم امتناعی جاری کر رکھا ہے جس کی وجہ سے منصوبے پر جزوی طور پر کام رکا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

منصوبے کے خلاف اظہر صدیق ایڈووکیٹ، سول سوسائٹی اور شہریوں نے عدالت سے رجوع کر رکھا ہے۔ اٹارنی جنرل پاکستان پہلے ہی دو رکنی بینچ کے روبرو یہ یقین دہانی کرا چکے ہیں کہ منصوبے پر جاری کام کی وجہ سے کوئی تاریخی مقام متاثر نہیں ہو گا۔ درخواستوں میں اورنج لائن ٹرین منصوبے کو چیلنج کرتے ہوئے اسے کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔