جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے رہنماء مطیع الرحمن نظامی کا ڈیتھ ورانٹ قابل مذمت ،فیصلوں کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، شیخ عقیل الرحمن

ہفتہ 19 مارچ 2016 14:16

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 مارچ۔2016ء)جماعت اسلامی آزادکشمیر کے نائب امیر شیخ عقیل الرحمن سے کہا ہے کہ جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے رہنماء مطیع الرحمن نظامی کے ڈیتھ ورانٹ کی شدید مذمت کرتے ہیں ان فیصلوں کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔بنگلہ دیش کی حکومت نے انصاف کا خون کیا ہے۔40سال گزرنے کے بعد بھی پاکستا ن سے محبت کرنے والوں کو انتقام کی بھینٹ چڑھا یا جارہاہے۔

اس موقع پر حکومت پاکستان اور آرمی چیف کی خاموشی اپنی ذمہ داریوں سے انحراف ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کی ڈکٹیشن ہوں تو ہم راتوں رات عاشق رسول ممتاز قادری کو پھانسی پرلٹکا دیتے ہیں اگر پاکستان سے محبت اور وفاداری کا معاملہ ہو تو ہم خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتے ہیں جوکہ پاکستان سے بیوفائی کے مترادف ہے۔بنگلہ دیش کی حکومت ملکی دفاع کے لئے جنگ لڑنے والوں کو پھانسیاں دے کر عذاب الٰہی کو دعوت دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ وہ بیگناہوں کو سزائیں دینے پر ظالموں اور پاکستان میں خاموش تماشائی بننے والوں کو کیفرکردار تک پہنچائے۔