ذوالفقار علی بھٹو کی برسی ،پیپلز پارٹی لاہور بڑے قافلوں کے ساتھ تقریب میں شرکت کریگی

ہفتہ 19 مارچ 2016 14:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19 مارچ۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی لاہور ایک بڑے قافلے کے ساتھ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کی تقریبات میں شرکت کرے گی۔4اپریل 2016ء کو لاڑکانہ گڑھی خدا بخش میں ہونے والی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کی تقریبات میں شرکت کے لئے پیپلزپارٹی لاہور کا قافلہ بذریعہ ٹرین3اپریل کو لاہور سے گڑھی خد ابخش کے لئے روانہ ہوگا جس کی قیادت پیپلزپارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی کریں گی۔

اس بات کا فیصلہ پیپلزپارٹی لاہور کے ایک اجلاس میں کیا گیا جس میں پارٹی لاہور کے عہدیداران کے علاوہ پارٹی لاہورکی زونل تنظیموں کے عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ اس حوالے سے اجلاس میں پارٹی لاہور کے تمام ڈسٹرکٹ صدر کو ذمہ داریاں سونپی گئیں اجلاس میں سابق صدر پرویز مشرف کو ملک سے باہرجانے کے حکومتی اجازت نامہ پر سخت تنقید کی گئی اور پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے گونواز گو احتجاجی مظاہروں کے انعقاد کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اور ان مظاہروں کے انعقاد کے سلسلے میں شیڈول تیار کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ ڈیفنس میں ہونے والے اس اجلاس میں پیپلزپارٹی لاہور کی تنظیم سازی پر بھی غور کیا گیا اور تمام عہدیداروں کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پر زیادہ سے زیادہ پارٹی کارکنوں کوساتھ لے جانے کا ٹاسک دیا گیا۔