ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی میں پاکستان نے بھارت کو ڈی ایل میتھڈ پر 2 رنز سے ہرا دیا

ہفتہ 19 مارچ 2016 18:29

ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی میں پاکستان نے بھارت کو ڈی ایل میتھڈ پر 2 رنز سے ..

نئی دہلی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔19مارچ2016ء ) ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی میں پاکستان نے بھارت کو ڈک ورتھ لیوئیس میتھڈ کے تحت 2رنز سے ہرا دیا ۔ دہلی میں جاری میچ میں بھارتی اوپنر ز ناکام رہیں جس کے بعد متھالی راج اور ہرمنپریت کور نے دوسری وکٹ کے لیے 29رنز جوڑے ،متھالی اور کور16،16رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔

(جاری ہے)

ویدا کے 24اور گوسوامی کے 14رنز کی بدولت بھارتی ویمن ٹیم مقررہ 20اوورز میں 7وکٹوں پر 96رنز بنانے میں کامیاب ہوئی ، پاکستان کی جانب سے انعم ، اسماویہ، ثناء میر ،سعدیہ اور ندا نے ایک ، ایک وکٹ لی ۔

97رنز کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز نے ٹیم کو 19رنز کا آغاز دیا جس کے بعد سدرہ اور بسمہ نے دوسری وکٹ کے لیے 29رنز جوڑے،سدرہ 26اور بسمہ 5رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں ۔ارم جاوید 10،اسماویہ 5اور کپتان ثناء میر بغیر کوئی رن بنائے پوویلین لوٹ گئیں ۔ پاکستان کا سکور 16اوورز میں 77رنز ہوا تو بارش کے باعث کھیل روکنا پڑ گیا ،مسلسل بارش کی وجہ سے میچ دوبارہ شروع نہ ہوسکا اور یوں پاکستانی ویمن ٹیم نے روایتی حریف بھارت کیخلاف ڈک ورتھ لیوئیس میتھڈ کے تحت 2رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔