Live Updates

اردو ادب کے مشہور نقاد صحافی ، شاعر ، ادیب ڈاکٹر انور سدید 87برس کی عمر میں انتقال کر گئے

وزیر اعظم نواز شریف ، وزیر اعلیٰ شہباز شریف ، پرویز رشید سمیت دیگر کاانور سدید کے انتقال پر تعزیت کا اظہار

اتوار 20 مارچ 2016 16:24

اردو ادب کے مشہور نقاد صحافی ، شاعر ، ادیب ڈاکٹر انور سدید 87برس کی عمر ..

لاہور/سرگودھا( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 مارچ۔2016ء ) اردو ادب کے مشہور نقاد صحافی ، شاعر ، ادیب ڈاکٹر انور سدید 87برس کی عمر میں انتقال کر گئے ، وزیر اعظم محمد نواز شریف ، وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید سمیت دیگر نے انور سدید کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔انور سدید کے نام سے جانے والے محمد انوار الدین 4دسمبر 1928ء کو قصبہ میانی بھلوال سرگودھا میں پیدا ہوئے ۔

انہوں نے افسانہ ، تنقید ، انشائیہ ، خاکہ، ادارت ، شاعری ، تبصرہ ، ادبی صحافت ، جائزہ نویسی ، شخصیت نگاری میں سب سے زیادہ تاریخ ساز ، بے مثال اور یادگار کارکردگی اور تخلیقی سطح پر اظہار کیا ۔ انور سدید نے ایم اے اردو پنجاب یونیورسٹی سے کیا ۔

(جاری ہے)

’’اردو ادب کی تحریکیں ‘‘کے عنوان سے پی ایچ ڈی کا مقالہ لکھا جو کہ یونیورسٹیوں کے نصاب میں شامل ہے ۔

انور سدید محکمہ آبپاشی میں بطور ایگزیکٹو انجینئر ریٹائرڈ ہوئے ۔ ریٹائرمنٹ کے بعد تمام عمر اردو کے فروغ میں صرف کر دی ۔ ان کی مشہور تضانیف ، تحقیق اردو افسانے میں دیہات کی پیشکش ، اردو ادب میں انشائیہ ، اردو ادب کی مختصر تاریخ ، اردو افسانے کی کروٹیں ، اردو ادب میں سفر نامہ شامل ہیں ۔ ڈاکٹر انور سدید مختلف اردو اورانگریزی اخبارات میں کالم بھی لکھتے رہے ہیں۔وزیرا عظم محمد نواز شریف ،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ، وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے ڈاکٹرانورسدیدکے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے انتقال سے ملک اردو ادب کے بڑے ادیب اور نقاد سے محروم ہو گیا ۔مرحوم کی اردو ادب کے فروغ کیلئے خدمات کو ہمیشہ یا د رکھا جائے گا ۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات