(ن) لیگ نے مشرف کو باہر جانے کی اجازت دیکر تیسرا این آر او کیا ہے ،مولا بخش چانڈیو

پیر 21 مارچ 2016 16:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 مارچ۔2016ء) سندھ کے مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ ن لیگ نے پرویز مشرف کو باہر جانے کی اجازت دے کر تیسرا این آر او کیا ہے ۔شرمندگی چھپانے کے لیے غلط بیانی سے کام لیاجارہا ہے ۔حکومت مان لے کہ اس سے غلطی ہوئی ہے ۔ایم کیو ایم کے قائد کہتے تھے کہ کمال جیسا میئر نہ آیا تھا اور نہ آئے گا ۔

مصطفی کمال ایم کیو ایم کے قائد کے لاڈلے تھے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیر کو سندھ اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ حکومت نے مشرف کو باہر جانے کی نہ صرف خود اجازت دی بلکہ تیسرا این آر او بھی کیا ہے ۔حکومت مان لے کہ یہ سب کچھ مصلحت کے تحت کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے خلاف الائنس بنانے والے صرف باتیں کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان کے پاس کوئی وژن نہیں ہے ۔سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے احتجاج کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ایم کیو ایم والے ویسے ہی سوالوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں ۔ایم کیو ایم کے واک آوٴٹ میں سید سردار احمد کا شامل نہ ہونا ان کا ذاتی معاملہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین بڑے فخر سے کہتے تھے کہ کمال جیسا میئر نہ آیا تھا اور نہ آئے گا ۔مصطفی کمال الطاف حسین کے لاڈلے تھے ۔

متعلقہ عنوان :