گورنرسندھ سے برٹش ہائی کمشنر کی ملاات ،دو طرفہ تعلقات ، تجارت ، سرمایہ کاری اور دیگر امور پر تبادلہ خیال

پیر 21 مارچ 2016 19:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 مارچ۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے پیرکو گورنر ہاؤس میں بر طانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے ملاقات کی ۔ ملاقا ت میں دو طرفہ تعلقات ، تجارت ، سرمایہ کاری اور اہمیت کے حامل دیگر معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقا ت میں گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستانی مصنو عات کی بر طانیہ میں بڑی مانگ ہے لیکن دوطرفہ تجارت کو مزید بڑھا نا ہو گا برطانوی سرمایہ کاری سے پاکستان سمیت خطے میں غربت کے خاتمے اور روزگار میں مدد ملے گی ۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف گراں قدر خدمات سرنجام دے رہی ہے اور پورے خطے ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں امن کے لئے قربانیاں دے رہی ہے جنھیں آج دنیا بھی تسلیم کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دو طرفہ تعلقات کے استحکام ، خطے میں غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ میں پاک برطانیہ مشترکہ سرمایہ کاری وقت کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبہ اور شہر میں قیام امن کے بعد بیرونی سرمایہ کاری کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے صوبہ اور شہر کی استعداد کا بھرپور فائدہ اٹھانے کا یہی وقت ہے ، یہاں کی جانے والی سرمایہ کاری یقینی و فوری منافع کی ضما نت ہے ۔

اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان با الخصوص صوبہ سندھ اور شہر میں برطانیہ کی متعدد کمپنیاں منافع بخش کاروباری سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں جبکہ برطانوی سرمایہ کار انرجی اور Solid Waste شعبہ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں ۔ ملاقات میں ڈپٹی ہائی کمشنر جان اے ٹکنوٹ بھی موجود تھے ۔