حساس اداروں نے رضویہ میں کارروائی کرکے کالعدم تنظیموں تحریک طالبان پاکستان، القاعدہ اور لشکر جھنگوی کے امیر سمیت 12 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا

منگل 22 مارچ 2016 22:27

حساس اداروں نے رضویہ میں کارروائی کرکے کالعدم تنظیموں تحریک طالبان ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 مارچ۔2016ء) حساس اداروں نے کراچی کے علاقے رضویہ میں کارروائی کرکے کالعدم تنظیموں تحریک طالبان پاکستان، القاعدہ اور لشکر جھنگوی کے امیر سمیت 12 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم لشکر جھنگوی کے مفتی شاہد الرحمن گروپ سے ہے۔پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے دہشت گرد سابق صدرمشرف پر حملے کی منصوبہ بندی اور پی ایس او کے ڈائریکٹر شوکت رضا مرزا کے قتل میں بھی ملوث تھے جب کہ ملزمان پولیس، رینجرز، وکلا اور فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ سمیت امام بارگاہوں پر دھماکوں میں بھی ملوث ہیں۔

پولیس کے مطابق گرفتار دہشت گرد جنید الرحمن اپنے ساتھیوں عبدالحق حیدری، محمد زاہد نذیر چوہدری، سعید احمد، ظفر اقبال، معاذ نور، خورشید خان، محمد ساجد، فداالرحمن اور الطاف شاہد سمیت دہشت گردی کی منصوبہ بندی کررہا تھا جسے بروقت اطلاع ملنے پر کارروائی کرکے گرفتار کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

ملزمان کے قبضے سے 2 کلاشنکوف، 3 ٹی ٹی پستول، 4 ہینڈ گرینیڈ اور بھاری مقدار میں گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔

ملزمان کو مزید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ملزمان پرویز مشرف حملہ کیس، فریئر کے علاقے میں پی ایس او کے ڈائریکٹر، ڈاکٹرز اور وکلاء کی ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ گرفتار ملزمان نے افغانستان میں لشکر جھنگوی کے ٹریننگ کیمپوں سے دہشت گردی کی تربیت حاصل کی ہے۔ ملزم جنید الرحمن نے انکشاف کیا کہ اس نے لشکر جھنگوی کے مفتی شاہد کے کہنے پر پی ایس او کے ڈائریکٹر شوکت مرزا کی ریکی کی جسے مفتی شاہد نے فریئر کے علاقے میں ساتھیوں کی مدد سے قتل کردیا۔

ملزم کے مطابق مفتی شاہد نے سابق صدر پرویز مشرف پر حملے کی منصوبہ بندی کی جو بعد میں ہماری ٹیم کو روک کر حرکت الجہاد العالمی کے عمران کے حوالے کردی گئی۔ ملزم عمران نے منصوبے کے مطابق فلک ناز پلازہ پر بارود سے بھری گاڑی کھڑی کی جو ٹیکنیکل خرابی کے باعث پھٹ نہ سکی اور ملزم عمران اپنے ساتھیوں سمیت گرفتار ہوگیا۔ ملزمان میں زاہد نذیر چوہدری، سعید احمد، ظفر اقبال اور خورشید ان دہشت گردوں کے سہولت کار تھے جو دہشت گردی کی کارروائیوں میں ان کو مالی سپورٹ فراہم کرتے تھے۔

دوسری جانب کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ نے بھی منگھوپیر سے 3 دہشت گرد گرفتار کرلیے جن کے قبضے اسے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ انچارج سی ٹی ڈی علی رضا کے مطابق گرفتار دہشت گردوں میں عثمان نعیم، محمد عمیر اور امام الدین عرف معاویہ شامل ہیں اور ان کا تعلق کمانڈر فہد گروپ سے ہے۔سی ٹی ڈی انچارج کے مطابق ملزم عمیر نے نجی یونیورسٹی سے انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی اور کالعدم تنظیم کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی پر کام کررہا تھا۔ ملزم عثمان کالعدم تنظیموں کو اسلحہ فراہم کرتا تھا جبکہ تیسرا ملزم امام الدین عرف معاویہ اشتعال انگیز لیٹریچر اورمواد کی تقسیم میں ملوث ہے۔