نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد کر کے ملک کو مضبوط تر بناتے جارہے ہیں،آپریشن ضرب عضب آخری مراحل میں ہے،دنیا میں دہشت گردی بڑھ رہی ہے ، پاکستان میں اس پر قابو پالیاگیا ہے،حکومت تعلیم کے شعبہ میں جنگی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے

وزیرمملکت امورداخلہ و تعلیم بلیغ الرحمن کاملتان کے نجی کالج میں تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب

جمعہ 25 مارچ 2016 22:37

ملتان( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مارچ۔2016ء) وزیرمملکت برائے امورداخلہ و تعلیم بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرتے ہوئے ملک کو مضبوط تر بناتے جارہے ہیں۔دنیا میں دہشت گردی بڑھ رہی ہے لیکن پاکستان میں دہشت گردی کو کنٹرول کرلیا گیا ہے۔آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج نے لازوال قربانیاں دی ہیں ،ان کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

حکومت تعلیم کے شعبہ میں جنگی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے۔ہائرایجوکیشن کمیشن کو تاریخ میں پہلی بار سب سے زیادہ فنڈز دئیے گئے۔ وہ گزشتہ روز ملتان کے نجی کالج میں تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے وزیرمملکت برائے داخلہ امور وتعلیم میاں بلیغ الرحمن کا کہنا تھا کہ حکومت کی بہتر پالیسیوں کے سبب پاکستان کا معاشی گراف اوپر کی طرف بڑھ رہا ہے۔

(جاری ہے)

تاریخ میں پہلی مرتبہ دوست ملک چائنہ نے پاکستان میں بہت بڑی سرمایہ کاری کی۔امن وامان کا قیام،انتہاپسندی کا خاتمہ ،تعلیم اور صحت کے شعبے میں ترقی پاکستان کوناقابل تسخیر بناتی جارہی ہیں۔دنیا کی معیشت سے بالاترہوکرپاکستان کی معیشت ترقی کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے دہشت گردوں کی کمرتوڑ دی ہے اب آپریشن ضرب عضب اپنے آخری مراحل میں ہے۔

مسلم لیگ(ن)کی حکومت اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھے گی جب تک ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ نہ ہوجائے۔وزیرمملکت نے کہا کہ یورپی ممالک میں دہشت گردی بڑھ رہی ہے جبکہ پاکستان میں اب دہشت گردی کو کنٹرول کرلیا گیا ہے۔دنیا کے ترقی یافتہ ممالک دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان سے مدد حاصل کررہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نجی تعلیمی ادارے فروغ تعلیم میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

تعلیم معاشرتی اور معاشی ترقی میں اہم کردار اداکرتی ہے۔تعلیمی حوالے سے پنجاب ملک کے تما م صوبوں سے آگے ہے ۔طلباء وطالبات تعلیمی میدان میں اپنی صلاحیتیں صرف کریں۔تقریب سے نوازشریف زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرمحمد آصف،مسلم لیگ(ن)کے رکن صوبائی اسمبلی رانامحمودالحسن،معیدشاہ،نوید احمد فرید،نعیم قریشی سمیت دیگر سیاسی وسماجی شخصیات نے خطاب کیا۔