حکمرانوں کی نحوست سے قومی ادارے اور قومی کرکٹ تباہ ہو گئی،عوامی تحریک

کرپشن ،رشوت ،سفارش کلچر نے پاکستان کی جڑیں کھوکھلی کر دیں ،خرم نواز گنڈا پور ،میجر(ر) محمد سعید 28مارچ کی اے پی سی کے انتظامات مکمل،ہم خیال سیاسی جماعتیں شریک ہونگی ،ترجمان

جمعہ 25 مارچ 2016 22:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مارچ۔2016ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی عہدیداران نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی کرپشن،سفارش کلچر کی سر پرستی اورظلم اور اقربا پروری کی وجہ سے برکت اٹھ گئی۔قومی اداروں کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کی واحد تفریح قومی کرکٹ بھی تباہ ہو گئی،حکمرانوں کے سیاسی ،معاشی اور سماجی جرائم نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کر دیں۔

موجودہ حکمران مزید کچھ عرصہ برسر اقتدار رہے تو اصلاح کی گنجائش بھی ختم ہو جائے گی ۔ وہ جمعہ کو زیر اہتمام 28مارچ کو ہونیوالی اے پی سی کے انتظامی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔اجلاس میں مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور،چیف آرگنائزر میجر (ر) محمد سعید،فیاض وڑائچ،نور اﷲ صدیقی،ساجد بھٹی نے شرکت کی۔خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ 28مارچ کو سانحہ ماڈل ٹاؤن اور کرپشن کے خلاف دو ٹوک لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ،تمام سیاسی جماعتوں کی مرکزی قیادت سے رابطہ ہوا ہے اور انہوں نے شرکت کی یقین دہانی کروائی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک اپنے 14 شہید کارکنوں کا انصاف چاہتی ہے سانحہ ماڈل ٹاؤن ملکی تاریخ کا انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا سنگین سانحہ ہے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف آرگنائزر میجر(ر) محمد سعید نے کہاکہ پنجابحکمرانوں کا 341ارب کا کسان پیکج ڈھونگ ثابت ہو چکا۔ پنجاب حکومت کا 100ارب کاپیکیج نیا ڈھونگ ہے جس کی کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی۔

کپاس کی پیداوار میں 40فیصد کمی حکمرانوں کی کسان دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔۔ فیاض وڑائچ نے کہاکہ ظلم اور کرپشن کا بازار گرم ہے جب بھی حکمرانوں کو اقتدار خطرے میں دکھائی دیتا ہے تو وہ بے گناہوں کا خون بہانے سے بھی باز نہیں آتے اور اراکین اسمبلی کو ساتھ ملائے رکھنے کیلئے ترقیاتی فنڈز کے نام پر اربوں روپے کی رشوت دینا شروع کر دیتے ہیں ،عوامی تحریک اس لوٹ کھسوٹ اور مک مکا کے نظام کے خلاف آخری حد تک جائیگی اور 28مارچ کی اے پی سی اس جدوجہد کا سنگ میل ثابت ہو گی ،پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نور اﷲ صدیقی نے کہاکہ 28مارچ کو منعقد ہونیوالی اے پی سی کے انتظامات مکمل کر لئے ہیں ،ہم خیال سیاسی جماعتیں شریک ہوں گی،سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہر القادری اے پی سی سے خطاب کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :