بلوچستان میں ایرانی مداخلت اور را کے ایجنٹ کو ایرانی ویزے کا اجرا باعث تشویش ہے‘ ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کی منصوبہ بندی میں بھارت اور ایران کی ملی بھگت کی تحقیقات ہو نی چاہیے

مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے ناظم اعلی ڈاکٹر حافظ عبدالکریم کا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 26 مارچ 2016 21:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 مارچ۔2016ء ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے ناظم اعلی ڈاکٹر حافظ عبدالکریم ایم این اے نے کہا ہے کہ ہم ہرقسم کی بیرونی مداخلت کے خلاف ہیں۔ بلوچستان میں ایرانی مداخلت اور را کے ایجنٹ کو ایرانی ویزے کا اجرا باعث تشویش ہے۔ مرکزی دفتر میں شعبہ تبلیغ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا پاکستان کو عدم استحکا م سے دوچار کرنے کے لیے زمین افغانستان کی استعمال ہو یا ایران کی ناقابل برداشت ہے۔

ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کی منصوبہ بندی میں بھارت اور ایران کی ملی بھگت کی تحقیقات ہو نی چاہیے۔ حافظ عبدالکریم نے کہاکہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ضرب عضب کی کامیابی دشمن کو ہضم نہیں ہورہی۔ ملک میں مذہبی منافرت کو فروغ دینے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

ملک میں مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضا کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی مداخلت سے بلوچستان میں بدامنی کے واقعات ہورہے ہیں ایک حاضر سروس را کے ایجنٹ افسر کی گرفتاری بڑی کامیابی ہے اس سے پاکستان میں چھپے ملک دشمن عناصر کوپکڑنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان خطے میں قیام امن کے لیے پہلے ہی قربانیاں دے رہا ہے ۔ ہم ہمسایہ ممالک سے کشیدگی نہیں چاہتے مگر جو ہماری سلامتی اور خودمختاری پر حملے اور سازشیں کرے گا پوری قوم اسکے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائے گی۔ ہم ملکی سلامتی پر کوئی آنچ برداشت نہیں کرسکتے۔