ہماری ترقی تعلیم سے وابستہ ہے اور قومیں تعلیم کی بدولت ہی ترقی کے زینے طے کر سکتی ہیں،سراج محمد

پیر 28 مارچ 2016 22:54

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 مارچ۔2016ء) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مردان سراج محمد نے کہا ہے کہ مردان کو تعلیمی لحاظ سے ماڈل ضلع بنائیں گے ہماری ترقی تعلیم سے وابستہ ہے۔ اور قومیں تعلیم کی بدولت ہی ترقی کے زینے طے کر سکتی ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ پرائمری سکول لیبر کالونی میں پرائمری سکولز ٹورنامنٹ کے اختتام پر منعقدہ تقسیم انعامات کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں ایس ڈی ای او خواجہ محمد، ڈپٹی ڈی ای او محمد زاہد، اے ڈی او سپورٹس اجمل خان، ڈی ایس او حاجی نور الرحمن، اے ڈی اوز سید اکرام، طاہر شاہ جاوید اقبال، رائٹ ٹو پلے کے حماد خان کے علاوہ اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔ سراج محمد نے کہا کہ ہم نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے طلبہ میں خود اعتماد برداشت اور رواداری کا جذبہ پیدا ہوتا ہے اور کھیل کود طلبہ کی کردار سازی میں مثبت کردار ادا کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی معاشی ترقی کے لئے ہمیں تعلیم پر توجہ دینا ہوگی۔ مردان میں کوالٹی ایجوکیشن کے لئے ہماری کوششیں جاری ہیں اگر اساتذہ نے ساتھ دیا تو مردان میں تعلیمی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔قبل ازیں ٹورنامنٹ کے سیکرٹری اے ڈی او روح اﷲ جان نے استقبالیہ سے کلمات میں کہا کہ طلبہ کا کھیل کود میں حصہ لینا خوش آئند اقدام ہے اُمید ہے اساتذہ آئندہ بھی اس جذبے کے ساتھ طلبہ کو ٹورنامنٹ کے لئے تیار کریں گے۔ تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی سراج محمد نے پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :