’ را ‘ کے افسر کل بھوشن یادو کی گرفتاری کے بعد مزید 15گرفتاریاں کی گئی ہیں ‘ وزیر اعلیٰ بلوچستان

بھارت پاکستان میں دہشتگردوں کی افغانستان کے راستے ٹرانسپوٹیشن اور فنڈنگ کرتا ہے ‘ سردار ثنا اللہ زہری

منگل 29 مارچ 2016 21:07

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 مارچ۔2016ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان سردار ثنا اللہ زہری نے کہا ہے کہ ” را “ کے افسر کل بھوشن یادو کی گرفتاری کے بعد مزید 15گرفتاریاں کی گئی ہیں ،بھارت پاکستان میں دہشتگردوں کی افغانستان کے راستے ٹرانسپوٹیشن اور فنڈنگ کرتا ہے ،ایران پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی میں ملوث نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جناح ہسپتال میں گلشن اقبال پارک دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

سردار ثنا اللہ زہری نے کہا کہ معصوم بچوں اور خواتین پر حملہ انسانیت سے گر ی ہوئی حرکت ہے ۔ ہسپتال میں دھماکے کے زخمی بچوں کو دیکھ کر میری آنکھوں میں آنسو آ گئے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی ہمارے ہمسائے ملک افغانستان کے راستے ہو رہی ہے ۔بھارت پاکستان میں دہشتگردوں کی افغانستان کے راستے ٹرانسپوٹیشن اور فنڈنگ کرتا ہے ۔ ایران پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی میں ملوث نہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ سکیورٹی اداروں نے بلوچستان سے ” را“ کے افسر کی گرفتاری عمل میں لا کر بڑا کارنامہ سر انجام دیا ہے ۔اس کے بعد مزید15گرفتاریاں کی گئی ہیں۔ انہوں نے پنجاب میں رینجرز کے آپریشن کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ اس پر کوئی تبصرہ نہیں کر سکتا۔