کوئی آپ کو غلط اطلاع دے کر پریشان کر سکتا ہے، اس لئے محتاط رہیے

بدھ 30 مارچ 2016 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 مارچ۔2016ء ) کل یکم اپریل جمعہ کوپاکستان سمیت دنیا بھر میں ''اپریل فول'' ڈے منایا جائے گا، اس روز دوستوں، عزیز رشتہ داروں اور پڑوسیوں کی جانب سے آنے والی کسی بھی اطلاع، موبائل کال یا خبر پر یقین کرنے سے پہلے اس کی تحقیق کر لی جائے کیونکہ غیر سنجیدہ لوگوں کی جھوٹی حرکت سے آپ کو شرمندگی اور نقصان پہنچنے کا اندیشہ بھی ہے۔

اپریل فول کی ابتداء یورپ سے ہوئی جس کو 1539ء میں عروج حاصل ہوا اور بعد میں اس نے تہوار کی شکل اختیار کر لی۔16ویں صدی کے آخر تک نیا سال مارچ کے آخر میں شروع ہوتا تھا۔ نئے سال کی آمد پر لوگ تحائف کا تبادلہ کرتے تھے۔ فرانس کے بادشاہ نے جب کیلنڈر کی تبدیلی کا حکم دیا کہ نیا سال مارچ کی بجائے جنوری سے شروع ہوا کرے تو غیر ترقی یافتہ ذرائع ابلاغ کی وجہ سے بہت سے لوگوں کو اس تبدیلی کا علم نہ ہو سکا اور وہ بدستور یکم اپریل کو ہی نئے سال کی تقاریب مناتے رہے اور باہم تحائف کا تبادلہ بھی جاری رہا۔

(جاری ہے)

اسی بنا پر ان لوگوں نے ان کا مذاق اڑایا جنھیں اس تبدیلی کا علم تھا اور انھیں اپریل فول کے طنزیہ نام سے پکارنے لگے۔ آہستہ آہستہ یہ روایت بن گیا اور اب دنیا بھر میں یہ دن باقاعدگی سے منایا جاتا ہے۔ ایک دوسری روایت کے مطابق قدیم رومی قوم موسم بہار کی آمد پر شراب کے دیوتا کی پرستش کرتی اور اسے خوش کرنے کیلئے لوگ شراب پی کر اوٹ پٹانگ حرکتیں کرنے کیلئے جھوٹ کا سہارا لیتے تھے۔

یہ جھوٹ رفتہ رفتہ اپریل فول کا ایک اہم حصہ بن گیا۔ انسائیکلو پیڈیا آف برٹانیکا نے اس کی تاریخی حیثیت پر مختلف انداز سے روشنی ڈالی ہے۔ بعض مصنفین کا کہنا ہے کہ فرانس میں سترہویں صدی کا آغاز جنوری کے بجائے اپریل سے ہوا کرتا تھا۔ اس مہینے کو رومی اپنی دیوی وینس کی طرف منسوب کر کے مقدس سمجھا کرتے تھے۔ چونکہ یہ سال کا پہلا دن ہوتا تھا اس لئے خوشی میں اس دن کو جشن کے طور پر منایا کرتے تھے اور اظہار خوشی کے لئے آپس میں مذاق کیا کرتے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تاریخی طور پر یہ بات واضح ہے کہ سپین پر جب عیسائیوں نے دوبارہ قبضہ کیا تو مسلمانوں کا بے تحاشا خون بہایا، قتل وغارت کے بازار گرم کیے۔ بادشاہ فرڈینینڈ نے اعلان کروایا کہ مسلمانوں کی جان یہاں محفوظ نہیں ہے اس لئے ہم نے انہیں ایک اور اسلامی ملک میں بسانے کا فیصلہ کیا ہے جو مسلمان وہاں جانا چاہیں ان کے لیے ایک بحری جہاز کا انتظام کیا گیا ہے جو انہیں اسلامی سرزمین پر چھوڑ آئے گا۔

حکومت کے اس اعلان سے مسلمانوں کی کثیر تعداد اسلامی ملک کے شوق میں جہاز پر سوار ہو گئی۔ جب جہاز سمندر کے عین درمیان میں پہنچا تو فرڈینینڈ کے فوجیوں نے بحری جہاز میں بذریعہ بارود سوراخ کر دیا اور خود بحفاظت وہاں سے بھاگ نکلے۔ دیکھتے ہی دیکھتے پورا جہاز غرقاب ہو گیا۔ عیسائی دنیا اس پر بہت خوش ہوئی اور فرڈینینڈ کو اس شرارت پر داد دی۔ یہ یکم اپریل کا دن تھا۔ آج یہ دن مغربی دنیا میں مسلمانوں کو ڈبونے کی یاد میں منایا جاتا ہے۔