نوجوانوں کو مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلئے کھیلوں کا فروغ ضروری ہے،شاہد ریاض ستی

جمعرات 31 مارچ 2016 22:34

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 مارچ۔2016ء ) پنجاب کے سابق پارلیمانی سیکریٹری اور مسلم لیگ ن کے راہنماء شاہد ریاض ستی نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلئے کھیلوں کا فروغ از حد ضروری ہے جس کے لئے وفاقی اور چاروں صوبائی حکومتوں کو بڑھتی ہوئی آبادی کے تناسب سے کھیلوں کے میدان اور دیگر سہولیات میں اضافہ کرنے پر پوری توجہ دینی چا ہیے۔

(جاری ہے)

جشن بہاراں کے نام سے میلوں ٹھیلوں اور کھیلوں کا انعقاد ہماری صدیوں پرانی روایت ہے جن کے تمام پہلو مثبت اور تعمیری ہیں لہذا حکومت کو چائییے کہ وہ ایسے پروگراموں کی بھی بھر پور سرپرستی کرے ․ انہوں نے یہ بات تحصیل کوٹلی ستیاں میں مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام جشن بہاراں کے سلسلے میں منعقدہ رنگا رنگ پروگراموں کی اختتامی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی ․ اس موقع پر ایم ایس ایف کے مقامی راہنماء قیصر ستی ، دیگر عہدیداروں ، معززین علاقہ اور نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی ․ شاہد ریاض ستی نے کہا کہ تحصیل کوٹلی ستیاں تعمیر و ترقی کے حوالے سے ایک پسماندہ تحصیل ہے اور اسے مری کی طرح زیادہ اہمیت نہیں دی گئی ․ اس علاقے میں سیاحت و تجارت سمیت دیگر معاشی شعبوں میں ترقی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جبکہ کوٹلی ستیاں کے نوجوان کرکٹ ، ہاکی ، فٹ بال اور جمناسٹک سمیت کھیلوں کے کسی بھی شعبے میں اتنا ہی ٹیلنٹ رکھتے ہیں جتنا کہ پاکستان کے دوسرے علاقوں کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ موجود ہے ․ انہو ں نے کہا کہ اگر حکومت ہمارے نوجوانوں کی بھر پور سرپرستی کرے تو مختلف کھیلوں میں ہمارے نوجوان ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کر سکتے ہیں ․ شاہد ریاض ستی نے کہا کہ وہ کوٹلی ستیاں میں مختلف کھیلوں کے معیاری گراؤنڈز اور دیگر سہولیات بہم پہنچانے کیلئے اپنی آواز اعلی حکام تک پہنچائیں گے ․ تقریب کے اختتام پر انہوں نے رسہ کشی اور دیگر کھیلوں کے مقابلوں میں پوزیشنیں حاصل کرنے والے نوجوان کھلاڑیوں کو انعامات بھی دئیے ۔