عا لمی سطح پر پاکستان کا چہر ہ مسخ والوں کو پاکستان کی 18کروڑ عوام نے مسترد کر دیا‘ موجودہ حکومت نے موثر حکمت عملی کے تحت عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے دہشت گردی کے خلاف بھر پور کارروائی کر کے ملک کو محفوظ بنا دیا ہے پاکستانی قوم نے ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دیکر ثابت کر دیا کہ دنیا میں پاکستان صرف تہذیب اور دلکش نظاروں سے پہنچانا جاتاہے ‘ چاروں صوبوں‘گلگت بلتستان ‘آزاد کشمیر کے عوام اپنے اپنے کلچر کے ساتھ پاکستانی پرچم تلے ایک ہیں،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید کا لوک ورثہ میں تقریب سے خطاب

جمعہ 1 اپریل 2016 22:34

اسلام آباد۔یکم اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم اپریل۔2016ء ) وفاقی وزیر اطلاعا ت و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ گذشتہ 15سال سے عا لمی سطح پر پاکستان کا چہر ہ مسخ کرنے والوں کو پاکستان کی 18کروڑ عوام نے مسترد کر دیا ہے‘ موجودہ حکومت نے دہشت گردی کے خلاف بھر پور کارروائی کر کے ملک کو محفوظ بنا دیا ہے ،پاکستانی قوم نے ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دیکر ثابت کر دیا ہے کہ دنیا میں پاکستان صرف تہذیب ‘بلند ترین پہاڑ‘دریاؤں ‘وادی سوات جیسے دلکش نظاروں سے پہنچانا جاتا ہے ‘ چاروں صوبوں‘گلگت بلتستان ‘آزاد کشمیر کے عوام اپنے اپنے کلچر کے ساتھ پاکستانی پرچم تلے ایک ہیں۔

وہ جمعہ کی رات لوک ورثہ میں موسم بہار کے آغاز پر نوروز میلہ 2016کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ آج یہاں پر دلکش میلہ دیکھ کر محسوس کر رہا ہوں کہ پاکستان میں بسنے والے لوگ آج بھی اپنی تہذیب کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں ‘علاقائی فنکاروں اور کلچر سے خواتین و حضرات ‘بزرگ اور بچے محظوظ ہورہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ موسم کی خرابی اور رات کے اوقات میں بھی زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے اس نوروز میلہ میں شرکت کر کے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستانی قوم ایک بہادر قوم ہے اور سبز ہلالی پرچم کے تلے ہم سب ایک ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایسا ملک ہے جہاں پر بسنے والے ہندو ‘سکھ ‘پارسی ‘عیسائی خوشی سے مل جل کر رہ رہے ہیں‘ ایک دوسرے کی خوشیوں ‘ غمی اور تہواروں میں بھی شریک ہوتے ہیں ‘ یہ خوش آئند ہے اور دنیا کے لیے ایک پیغام بھی ہے۔

پاکستان ایک مہذب اور پرامن ملک ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں فصلیں تیار ہونے پر جسطرح بسنت کا میلہ ہوتا ہے اسی طرح موسم بہار کی آمد پر کوئٹہ ‘گلگت بلتستان‘ پشاور‘ کراچی ‘لاہور سمیت پورے ملک اور مشرق وسطی میں نوروز میلہ جوش و خروش سے منایا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے اس مقام شکرپڑیا ں میں اتنی خوبصورت تقریب منعقد کر کے ثابت کر دیا گیا ہے کہ یہ صرف اقتدار والوں کا شہر نہیں بلکہ پورے پاکستان کے لوگوں کا شہر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ 15,16سالوں سے پاکستان کا چہرہ مسخ کرنے اور پاکستان پر کالا دھبہ لگانے والوں نے عالمی سطح پر پاکستان کو خودکش جیکٹس والا پاکستان متعارف کرایا ہے لیکن موجودہ حکومت نے موثر حکمت عملی کے تحت عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے دہشت گردی کے خلاف بھر پور کارروائی کر کے ملک کو محفوظ بنا دیا ہے‘جس کے بعد پاکستان کی غیور قوم نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان محبت کرنے والوں ‘دنیا میں امن ‘خوشیاں تقسیم کرنے‘ بلند ترین پہاڑوں ‘ خوبصورت دریاؤں اور وادی سوات جیسے دلکش نظاروں والا ملک ہے ۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینٹیر پرویز رشید نے روز میلہ میں لگائے جانے چاروں صوبوں‘ گلگت بلتستان ‘آزاد کشمیر کے روائتی مصنوعات کے سٹالز کا دورہ کیا ۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوک ورثہ ڈاکٹر فوزیہ سعید نے نوروز میلے کے حوالے سے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ تقریب میں گلگت بلتستان کی نمائندگی کرنے والے فنکاروں نے صدا پامیر ‘ فوک ڈانس ‘تھر پارکر سے نگر پارکر کی خواتین نے روائتی رقص ‘ بلوچستان ‘پنجاب ‘خیر پختونخوا اور آزاد کشیمر کے فنکاروں نے اپنے اپنے فن کامظاہرہ کیا ۔

وفاقی وزیر سینیٹر پرویز رشید نے ڈیرہ بگٹی سے تعلق رکھنے والے فنکار کو بہترین فنکار قرار دیئے جانے پر دستار بندی کی جبکہ گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی 80سالہ فنکارہ خورشید نما کی چادرپوشی کی ۔