کراچی،حکومت سندھ نے ذوالفقار علی بھٹو کی 37 ویں برسی پر حفاظتی انتظامات کی منظوری دیدی

ہفتہ 2 اپریل 2016 22:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 اپریل۔2016ء) حکومت سندھ نے سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 37 ویں برسی کے حوالے سے حفاظتی انتظامات کی منظوری دیدی ہے ، ہفتہ کے روز آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ ذوالفقار بھٹو کی برسی کے موقع پر غیر معمولی انتظامات کیے جائیں، آنے جانے والے راستوں پر سیکورٹی کے سخت اقدامات کیئے جائیں اور پورے علاقے میں ناکہ بندی کی جائے ، انہوں نے کہا کہ واضح ہدایات دیں کہ گڑھی خدا بخش کے اطراف میں چاروں اطراف ایک کلو میٹر تک پارکنگ پر مکمل پابندی عائد کی جائے جن پولیس افسران واہلکاروں کی ڈیوٹی لگائی جائے ان پر چیک اینڈ بیلنس بھی کی جائے انہوں نے یہ بھی حکم جاری کیا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے کو بھی الرٹ رکھا جائے اور واک تھرو گیٹ اور میٹل ڈیکٹر کے ذریعے آنے جانے والوں کو چیک کیا جائے ، آئی جی سندھ نے یہ بھی ہدایات دیں کہ کنٹرول روم کا نظام موثر رکھا جائے اور کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔