ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پرملک کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا، وزیراعلیٰ سندھ

پیپلز پارٹی کے جیالے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو سے والہانہ محبت کا مظاہرہ کریں گے،سیدقائم علی شاہ

ہفتہ 2 اپریل 2016 22:15

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے شہید قائد و بانی ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر 4 اپریل 2016 کو ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا جس میں لاکھوں افراد شریک ہونگے ، پیپلز پارٹی کے جیالے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو سے والہانہ محبت کا مظاہرہ کریں گے جنہوں نے اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر تختہ دار پر بھی جئے بھٹو کے نعرے لگائے اور پھانسی قبول کی لیکن پیپلز پارٹی اور قائدین سے اپنی محبت ختم نہیں کیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے انتظامات کے سلسلے میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ کی رہائش گاہ پر سکھر ڈویژن کے ایم این ایز، ایم پی ایز ، پارٹی کے صدور و جنرل سیکریٹریز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سید قائم علی شاہ نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کا دن تاریخی اہمیت کا حامل ہے پارٹی ورکرز نے جوش اور جذبے کے تحت شہید ذوالفقار علی بھٹو ، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی محبت میں پھانسی کا پھندا پہن کر تاریخ میں اپنا نام لکھوایااور جئے بھٹو کا نعرہ لگایا اور جانثاران بے نظیر بھٹونے 18 اکتوبر کو کراچی آمد پر دھماکے میں اپنے قائد کو بچانے کے لیے خون کا نذرانہ دیا اور بھاگے نہیں بلکہ اپنی قائد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا یہ جذبہ اور محبت کسی اور پارٹی میں نہیں ملتا پیپلزپارٹی کے کارکنان اور جیالوں نے تاریخ رقم کی ہیں انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اپنے کردار ، عمل سے اُس وقت کے ایک صدر ایوب خان کو اقتدار چھوڑنے پر مجبور کیا اور اسی ریت کو برقرار رکھتے ہوئے پارٹی کی شہید قائد محترمہ بے نظیر بھٹو نے ایک صدرکو عہدہ خالی کرنے پر مجبور کیاا ور کو چیئرمین محترم آصف علی زرداری نے ان کو کہا کہ اب آپ کو جانا ہوگا آج پاکستان میں جمہوریت اور سیاست کی جیت کا سہرا محترم آصف علی زرداری کے سر ہے انہون نے کہا کہ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہولی کے موقع پر عمر کوٹ میں بہت بڑا جلسہ کیاجس میں صرف عمر کوٹ کے لوگ تھے سخت دھوپ اور گرمی میں اپنے قائد کو سلام کرنے آئے ہوئے لوگوں نے اپنی محبت کا اظہار کیا اور شہید بھٹو کے نعرے لگائے۔

اس موقع پر اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ ، سینئر صوبائی وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو، گھوٹکی کے صدر باری خان پتافی ، خیرپور کے جنرل سیکریٹری نظر محمد گاہو، سکھر کے صدر حاجی انور خان مہر اور اقلیت کے صدر کیکو مل نے پارٹی کے کارکنوں سے خطاب کیا آخر میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے حاجی انور خان مہر کی رہائش گا ہ پر استقبالیہ میں شرکت کی ۔