تھر میں سینکڑوں لوگ پیاسے مر گئے سائیں سرکار سوتی رہی،زعیم قادری

اعتزاز احسن کراچی پر بھی توجہ فرمائیں جہاں صاف تو کیا عوام کو آلودہ پانی بھی میسر نہیں پی ٹی آئی کے ترجمان بے وقت کی راگنی بند کریں‘ حساس امور پر گفتگو کرتے ہوئے احتیاط وقت کا تقاضا ہے،ترجمان پنجاب حکومت

ہفتہ 2 اپریل 2016 22:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 اپریل۔2016ء ) پنجاب اسمبلی کے رکن و ترجمان پنجاب حکومت سیدزعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ اعتزاز احسن کراچی پر بھی توجہ فرمائیں جہاں صاف پانی تو کیا آلودہ پانی بھی میسر نہیں۔ تھرمیں سینکڑوں لوگ پیاسے مر گئے سائیں سرکار سوتی رہی۔ سیدزعیم حسین قادری نے اعتزاز احسن کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اعتزاز احسن بے بنیاد الزام تراشی کر کے وفاداری ثابت کرنا چاہتے ہیں۔

کراچی میں پانی کے لئے لائنوں میں کھڑے عوام کا مسئلہ بھی سندھ اسمبلی میں اٹھائیں تو بات بنے۔ دوسروں کو الزام دینے کی بجائے 20لاکھ روپے خرچ کر کے پیپلزپارٹی کے رہنما تھر میں ایک کنواں ہی بنوا دیں۔ پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی کے لئے اربوں روپے کی لاگت سے خصوصی پراجیکٹ جلد مکمل کر لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کمیشن کی بات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ”وہ گفتگو نہ کر کہ تجھے بھی ملال ہو۔

“ قبل ازیں سیدزعیم حسین قادری نے پی ٹی آئی کے ترجمان نعیم الحق کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے ترجمان بے وقت کی راگنی بند کریں۔ حساس امور پر گفتگو کرتے ہوئے احتیاط وقت کا تقاضا ہے۔ پنجاب میں سب سے پہلے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد شروع کیا اور برق رفتاری سے کارروائی کرتے ہوئے سینکڑوں دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا۔ صوبہ بھر میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کا عمل جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :