ایم کیوایم کے سابق سینیٹر ڈاکٹر محمد علی بروہی کاساتھیوں سمیت پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا اعلان،مصطفی کمال کا خیرمقدم ، بیرون ملک بیٹھے الطاف حسین نے سب کچھ تباہ کر کے رکھ دیا ہے،قائد ایم کیوایم نے پاکستان کے ساتھ غداری کی۔ سابق سینیٹر ڈاکٹر محمد علی بروہی ۔۔آئندہ دنوں کراچی وسندھ میں مزید پارٹی آفس کھولیں گے، 24اپریل کا جلسہ پاکستان کیلئے ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوگا،25اپریل کے بعد کوئی کسی کو ”را“ایجنٹ بنانے والا نہیں ہوگا،مصطفی کمال کی سابق سینیٹر ڈاکٹر محمد علی بروہی کے ہمراہ پریس کانفرنس

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 4 اپریل 2016 16:09

ایم کیوایم کے سابق سینیٹر ڈاکٹر محمد علی بروہی کاساتھیوں سمیت پاک سرزمین ..

کراچی ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔04اپریل۔2016ء) :ایم کیوایم کے سابق سینیٹر ڈاکٹر محمد علی بروہی نے اپنے ساتھیوں سمیت پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے،مصطفی کمال و دیگر پارٹی رہنماوں نے شمولیت کا خیرمقدم کیا ہے۔ سابق سٹی ناظم مصطفی کمال نے سابق سینیٹر ڈاکٹر بروہی کے ہمراہ کمال ہاوس میں پریس کانفرنس میں آئندہ دنوں کراچی وسندھ میں مزید پارٹی آفس کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم بھائی کو بھائی سے ملائینگے،کسی کو ”را“کا ایجنٹ یا ٹارگٹ کلر نہیں بنائینگے24اپریل کا جلسہ پاکستان کیلئے ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوگا،25اپریل کے بعد کوئی کسی کو ”را“ایجنٹ بنانے والا نہیں ہوگا، درخواست کرتا ہوں کہ سندھ کے لوگ الطاف حسین کی پورے دن میں کی گئی کسی بھی تقریرکو سنجیدہ نہ لیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف رکھیں گے لیکن کسی سے دشمنی نہیں کرینگے،آنے والی نسلیں کراچی میں دشمنیاں نہیں دیکھیں گی۔کیونکہ ہم محبت بانٹنے آئے ہیں کسی کے ہاتھ میں اسلحہ نہیں دینگے۔انہوں نے کہا کہ متحدہ کے قائد اربو ں روپے کا حساب کتاب لیتے رہے ،وزارتیں لینے کیلئے مہاجر کارڈ استعمال کیا جاتا۔وزارتیں ملنے کے بعد خاموش ہوجاتے۔اس موقع پر سابق سینیٹر ڈاکٹر محمد علی بروہی نے کہا کہ ملک کی مظبوطی اس میں ہے کہ ہم سب سندھی،بلوچی،پشتون،پنجابی،مہاجر،تمام متحد ہوجائیں۔

ہم پر ”را“دھبہ لگ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک بیٹھے الطاف حسین نے سب کچھ تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔سندھی اور اردو بولنے والوں میں پل کا کردار ادا کرنے کیلئے ایم کیوا یم میں شامل ہوئے تھے۔ہمارے ساتھیوں کے ہاتھوں میں بندوقیں دی گئیں پھر انہی کے ہاتھوں ہمارے بھائی مارے گئے۔انہوں نے کہا کہ قائد ایم کیوایم نے پاکستان کے ساتھ غداری کی ہے کئی نسلوں کو تباہ کردیا گیا۔