امریکی قونصل جنرل زیکری وی رائیڈر کی سینیٹر سراج الحق سے ملاقات ،گلشن اقبال پارک دھماکے میں جانی نقصان پر اظہار افسوس

پیر 4 اپریل 2016 22:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 اپریل۔2016ء ) امریکی قونصل جنرل زیکری وی ہارکن رائیڈر نے منصورہ میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سے ملاقات کی ۔ انہوں نے گلشن اقبال پارک میں ہونے والے دھماکے اور بھاری جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا ۔ ملاقات میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی محمد اصغر اور ڈائریکٹر امور خارجہ عبدالغفار عزیز بھی موجود تھے ۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ اس دھماکے میں درجنوں بے گناہ انسانوں کا خون اور سینکڑوں افراد کا زخمی کیا جانا اسلام اور تمام انسانی اقدار کے منافی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں قانون کی بالادستی ، انصاف کی فراہمی اور دہشتگردی کے اصل اسباب کا خاتمہ ہی دنیا کو اس ناسور سے نجات دلاسکتاہے ۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے کہاکہ بنگلہ دیش اور کئی مسلمان ممالک میں جاری ظالمانہ حکومتی پالیسیاں ، بے گناہوں کو پھانسیاں اور ہزاروں افراد کو جیلوں میں ٹھونسنے جیسے اقدامات سے معاشرے میں ردعمل جنم لیتاہے ۔

کوئی جنگ اس وقت تک موثر نہیں ہوسکتی جب تک ہر نوع کے انفرادی ، گروہی اور ریاستی مظالم کا خاتمہ نہیں ہوتا ۔ انہوں نے ایٹمی توانائی کے بارے میں ہونے والی حالیہ سربراہی کانفرنس کو ایک مثبت عالمی سرگرمی قرار دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان کو اپنے دفاع کے لیے ہی یہ صلاحیت حاصل کرنا پڑی ہے ۔ بھارت اب بھی پاکستان کی سلامتی کے منافی اقدامات کے لیے سرگرم ہے ۔

بلوچستان سے پکڑے جانے والے ’’ را‘‘ کے اعلیٰ افسر کے اعترافی بیان نے پاکستان کی سلامتی کو سنگین خطرات سے دوچار کیاہے ۔ عالمی برادری کو ان تمام اقدامات کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیراعظم خود مشرقی پاکستان میں اپنے گھناؤنے کردار کا اعتراف کر چکاہے ۔ اب بھی بنگلہ دیش میں بے گناہوں کی پھانسیوں کے پیچھے دہلی ہی سرگرم ہے اور بلوچستان میں بھی وہی فتنہ انگیزی پھیلا رہا ہے ۔