ملک کا پیسہ باہر بھجوانے والوں کا احتساب کون کریگا؟کیا یہ کوئی اور مخلوق ہیں؟عمران خان

منگل 5 اپریل 2016 13:00

ملک کا پیسہ باہر بھجوانے والوں کا احتساب کون کریگا؟کیا یہ کوئی اور ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔05 اپریل۔2016ء) چیئرمین تحریک انصاف پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کی جو باتیں سامنے آ رہی ہیں اس کے متعلق کیا احتساب ہو گا؟ جبکہ دنیا بھر میں جن لوگوں کے نام آئے ہیں ان کے خلاف انکوائریاں شروع ہو گئی ہیں۔ ہمارے ملک کے صاحب اقتدار لوگوں نے منی لانڈرنگ کی ملک کا پیشہ بیرون ملک بھیجا۔

کیا یہ لوگ قانون اور عدالت سے ماورائے ہیں جو دندناتے پھر رہے ہیں۔ جمہوریت میں پر امن احتجاج میں شرکت کرنا ہر شہری کا حق ہے۔ ہمارے کارکنوں پر جھوٹے دہشتگردی کے مقدمات بنوائے گئے۔ میں ضمانت نہیں لوں گا۔ مجھے بتایا جائے کہ میں نے کیا جرم کیا ہے؟ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز عدالت پیشی کے موقع پر اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ ہمارے سیاستدانوں کے نام بھی پانامہ پیپرز میں آئے ہیں تو کیا ان کو کوئی نہیں پکڑے گا۔

(جاری ہے)

ہمارے صاحب اقتدار لوگ چوری چھپے ملک کا پیسہ بیرون ملک بھجواتے رہے۔ انہوں نے جرم کیا اور بڑے فخر سے دندناتے پھر رہے ہیں مجھے بتایا جائے کہ ان لوگوں کا احتساب کون کرے گا؟ کیا یہ لوگ کوئی اور مخلوق ہیں؟ دنیا بھر کے مختلف ممالک میں جن لوگوں کا نام پاناما پیپرز میں آیا ہے ان کے خلاف انکوائریاں شروع ہو گئی ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہمارے کسی کارکن کے پاس کوئی اسلحہ نہیں تھا تو ہمارے اوپر جھوٹے مقدمات بنوائے گئے۔

ہمارے کارکن 20 ماہ سے پیشیاں بھگت رہے ہیں۔ میں ضمانت نہیں لوں گا۔ مجھے بتایا جائے کہ میں نے کیا جرم کیا ہے؟ جن لوگوں نے جرم کیا قوم کا پیسہ لوٹا اور بیرون ملک بھجوائے وہ دندناتے پھر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پر امن احتجاج کرنا اور احتجاج میں شرکت کرنا جمہوریت میں ہر شہری کا حق ہے۔ ہم اپنے حقوق کیلئے سڑکوں پر نکلے۔ ہم نے چار حلقے کھولنے کو کہا تھا۔ چاروں میں فراڈ اور دھاندلی کی۔ یاد رہے 2014ء میں لگائے گئے دھرنے میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور ریڈ زون میں داخل ہونے پر عمران خان اور پی ٹی آئی کے کارکنوں پر مختلف دفعات سمیت دہشتگردی کی دفعات بھی لگائی گئیں۔