پاکستان ائیر فورس اکیڈمی رسالپور میں 116 ویں نان جی ڈی اور 38 ویں بی ایل پی سی کورسزکی گریجویشن تقریب کا انعقاد

بدھ 6 اپریل 2016 22:35

اسلام آباد ۔ 6 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 اپریل۔2016ء) پاکستان ائیر فورس اکیڈمی رسالپور میں بدھ کو 116 ویں نان جی ڈی اور 38 ویں بی ایل پی سی کورسزکی گریجویشن تقریب منعقد ہوئی ۔ کمانڈر عراقی فضائیہ ، لیفٹیننٹ جنرل انورحمید امین احمد اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہو ئے مہمانِ خصوصی نے کہا کہ عراق پہلا عرب ملک تھا جس نے پاکستان کے وجود کو 1947 ء میں تسلیم کیا۔ پاکستان کے قیام سے اب تک دونوں ممالک ثقافت، مذہب اور بھائی چارے کے دائمی رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج 17 عراقی زیرتربیت افسران کی پاکستان ائیر فورس اکیڈیمی میں تربیت کی تکمیل دونوں فضائی افواج کے درمیان تعاون کا بہترین مظہر ہے جو کہ آنے والے دنوں میں دونوں برادر ممالک کی فضائی افواج کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کرے گا۔

(جاری ہے)

ا نہوں نے پاک فضائیہ کی ملکی سلامتی کے لیے کی گئی پیشہ وارانہ اور غیر معمولی کو ششوں کو بھی سراہا۔پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں عراقی فضائیہ کے سربراہ کا بے حد ممنون ہوں کہ انہوں نے اپنی تشریف آوری سے اس تقریب کو رونق بخشی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، عراق اور ہماری فضائی افواج کئی عشروں پر محیط دوستانہ اور برادرانہ رشتوں میں بندھی ہیں۔

جو کہ آزمائش کی گھڑی میں اخوت ، باہمی احترام اور یکجہتی کے مظہر ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی فضائی افواج کی پیشہ وارانہ مہارت اور آپریشنل صلاحیت کو بڑھانے کے لیے اپنی تمام توانائیاں صرف کریں۔ اس تقریب میں 17 عراقی آفیسرز اور 11کیڈٹس خواتین سمیت کل53 زیرتربیت آفیسرز گریجویٹ ہوئے ۔ مہمانِ خصوصی نے گریجویٹ ہونے والے افسران کو برانچ کا نشان اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔

عراقی ائیر فورس کے لیفٹیننٹ کرنل سعد ملالہ سلیمان نے فلائینگ ٹریننگ میں مجموعی طو ر پر بہترین کارکردگی کی ٹرافی حاصل کی ۔ آفیسر کیڈٹ انعم مشتاق کو 116ویں نان جی ڈی کورس میں مجموعی طو ر پر بہترین کارکردگی کی ٹرافی سے نوازا گیا جبکہ ایوی ایشن کیڈٹ محمد صابر نے 38 ویں بی ایل پی سی کورس میں مجموعی طو ر پر بہترین کارکردگی کی ٹرافی حاصل کی۔

تقریب میں حسب روایت پی اے ایف اکیڈمی کی" شیر دل فارمیشن"نے مسحور کن مظاہرہ پیش کیا ۔ فخر پاکستان "JF-17 Thunder" طیارے کے فضائی مظاہرے نے حاضرین کو مبہوت کر دیا اور انہوں نے اس طیارے کے کرتب بہت جوش و خروش سے دیکھے۔قبل ازیں مہمانِ خصوصی کی اکیڈمی آمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان اور ا ئیر وائس مارشل عاصم ظہیر ، ائیر آفیسر کمانڈنگ پی اے ایف اکیڈمی رسالپور نے ان کا خیر مقد م کیا۔ اس تقریب میں ڈپلومیٹس، اعلیٰ فوجی اور سول حکام ، غیر ملکی عہدیداران اور گریجو یٹ ہو نے والے زیر تربیت افسران کے والدین اور مہمانوں نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :