الخدمت کے سیکڑوں رضا کار متاثرین بارش کی خدمت میں مصروف ہیں، محمد عبدالشکور

جمعرات 7 اپریل 2016 22:26

کراچی ۔ 7 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 اپریل۔2016ء) الخدمت فاوٴنڈیشن پاکستان کے صدر محمد عبدالشکور نے کہا ہے کہ الخدمت بارش متاثرین کیلئے بھرپور امدادی کام کر رہی ہے، متاثرین کو ریسکیو کر کے ریلیف کا کام کیا جا رہا ہے۔ جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے قدرتی آفات سے بچاؤ کے پروگرام کے تحت خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں حالیہ شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے نقصانات اور الخدمت فاؤنڈیشن کی امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہد اقبال نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں الخدمت کے سیکڑوں رضاکار، موٹر بوٹس اور ایمبولینس کی مدد سے ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں، ایسے متاثرین جن کا گھر بار اور سامان مکمل طور پر تباہ ہو گئے تھے اُن میں اب تک 333 خشک راشن پیک، 1370 ترپال، 45 خیمے اور 250 لحاف اور بستر تقسیم کر دئیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر محمد عبدالشکور نے کہا کہ شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث دیامر سمیت خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع بری طرح متاثر ہوئے ہیں جہاں الخدمت فاؤنڈیشن کی امدادی ٹیمیں متاثرین کی مدد کے لئے ہر ممکن کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے رضا کاروں کے جذبے کی تعریف کی۔

متعلقہ عنوان :