وزیر اعلی پنجاب سے ترک نیشنل پولیس کے افسران کی ملاقات ، ڈولفن فورس کی تربیت میں تعاون پر شکریہ ادا کیا

ڈولفن فورس کی جدید انداز اور پیشہ وارانہ تربیت میں ترک نیشنل پولیس افسران کاتعاون و کردار لائق تحسین ہے پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات میں بہت وسعت آئی ہے، شہباز شریف

جمعرات 7 اپریل 2016 22:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔07 اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے گزشتہ روز ترکی کی نیشنل پولیس کے افسران نے ایڈیشنل آئی جی نیل عیادن(Mr. Nail Aydan) کی قیادت میں ملاقات کی- وزیر اعلی نے ڈولفن فورس کی تربیت میں بھرپور تعاون پر ترک نیشنل پولیس کے افسران کا شکریہ ادا کیا-وزیر اعلی شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات میں بہت وسعت آئی ہے-ڈولفن فورس کی جدید انداز اور پیشہ وارانہ تربیت میں ترک نیشنل پولیس افسران کاتعاون و کردار لائق تحسین ہے-ڈولفن فورس سٹریٹ کرائم پر قابوپانے کے لیے انتہائی پیشہ وارانہ انداز میں کام کر رہی ہے-شہریوں میں ڈولفن فورس کا مثبت امیج ابھرا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم ترک صدر رجب طیب اردگان، وزیراعظم داؤد اوگلو اور وزیر داخلہ کی سپورٹ کے بھی شکر گزار ہیں-انہوں نے کہا کہ ڈولفن فورس گلی محلوں میں شہریوں میں احساس تحفظ پیدا کرے گی-یہ فورس سٹریٹ کرائم کے خاتمے میں ہراول دستہ ثابت ہو گی-ڈولفن فورس کی تسلسل مانیٹرنگ کا موثر میکا نزم وضع کیا جار ہا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی نے کہا کہ جدید تربیت سے لیس یہ فورس پنجاب پولیس کا نیا چہرہ ہے۔

نیل عیادن نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈولفن فورس کو جدید تربیت دینے کے لیے پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے ہر طرح سے تعاون کیا ہے۔ آئندہ بھی اپنے پاکستانی بھائیوں کی مدد کرنے پر خوشی ہوگی-صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان، معاون خصوصی رانا مقبول ، ایم پی اے جہانگیر خانزادہ ، آئی جی پولیس ، سیکرٹری داخلہ اور متعلقہ پولیس حکام بھی اس موقع پر موجود تھے-