عوام کی طاقت سے برسر اقتدار آنے والوں کو دھرنوں کے ماسٹر کیا ڈرائیں گے ‘ خواجہ سعد رفیق

عمران خان رائیونڈ کے باہر احتجاج کی دھمکی دینے سے پہلے یہ یاد رکھیں ہمیں بھی بنی گالہ کا راستہ آتا ہے‘ وفاقی وزیر ریلوے

جمعہ 8 اپریل 2016 22:36

عوام کی طاقت سے برسر اقتدار آنے والوں کو دھرنوں کے ماسٹر کیا ڈرائیں ..

اوکاڑہ/لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 اپریل۔2016ء) وفاقی وزیر ریلو ے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عوام کی طاقت سے برسر اقتدار آنے والوں کو دھرنوں کے ماسٹر کیا ڈرائیں گے ،عمران خان رائیونڈ کے باہر احتجاج کی دھمکی دینے سے پہلے یہ یاد رکھیں کہ ہمیں بھی بنی گالہ کا راستہ آتا ہے ،اگر ہمت ہے تو رائیونڈ کی جانب جا کر دکھاؤ، تحریک انصاف پارٹی ایک ناچ گانا کی پارٹی بن چکی ہے جسے ٹھمکا پارٹی کہنا غلط نہ ہو گا، تیتر خان اب بڑے ہو جائیں اور گالیاں نکالنا چھوڑ دیں ،خیبر پختوانخواہ میں چوہے مارو تو جائز کام ہے ہم پنجاب میں ڈینگی سے لڑیں تو مذاق اڑایا جاتا ہے ،اگر عمران خان میں دم ہے تو پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا خیبر پختوانخواہ وزیرا علیٰ سے موازنہ کر لیں،اب قوم عمران خان کے جھوٹے ماتم کرنے اور بہکاؤے میں آنے والی نہیں،ملک چلانے کے لیے پڑوسیوں سے بہتر تعلقات رکھنے والی پالیسی پر عمل پیرا ہیں ں چین کے ساتھ سرمایہ کاری کرنے سے وطن عزیز میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے شروع ہو چکے ہیں،ریلوے کا محکمہ آخری سانس لے رہا تھا ہم نے آکر اس میں نئی روح پھونک دی ،آج ریلوے کا محکمہ ریکارڈ آمدنی دے رہا ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے اوکاڑہ ریلوے اسٹیشن کی جدید ترین نئی عمارت کی تعمیر کا سنگِ بنیاد رکھنے کے بعد ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئے ماڈل ریلوے اسٹیشن کا تخمینہ اٹھائیس کروڑروپے ہے جوکہ اٹھا رہ ماہ کی ریکارڈ مدت میں پاکستان کے مایہ ناز ادارے این ایل سی کی وساطت سے مکمل ہو گا۔

کل تعمیر شدہ رقبہ 46356مربع فٹ ہو گا۔ جلسہ گاہ میں مسلم لیگ (ن) کے ایم این ایز چوہدری ریاض الحق جج،ندیم عباس ربیرہ ،سید عاشق حسین کرمانی ،ایم پی ایز میاں محمد منیر،جاوید علا الدین ، افتخارحسین چھچھر،ضلعی اور ٹی ایم اے انتظامیہ کے افسران ،چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز محمد جاوید انور، ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک مقصودالنبی، چیف انجینئر اوپن لائن بشارت وحید، چیف انجینئر سروے اینڈ کنسٹرکشن شاہ رخ افشاراور ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ لاہور را وقاراحمد شاہدسمیت ریلوے کے دیگر اعلی افسران اور پاکستان مسلم لیگ (ن) مقامی رہنماں سمیت ہزاروں مسلم لیگی کارکن موجود تھے۔

خواجہ سعد رفیق نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب مسلم لیگ (ن) کو حکومت ملی تو پاکستان میں اِداروں کی حالت سابقہ حکومتوں کی غلط حکمتِ عملی کی وجہ سے ابتر تھی۔ کراچی اور بلوچستان میں ہر روز سینکڑوں افراد کی زندگیاں خطرے میں ہو تی تھیں اور دس دس بم پھٹتے تھے، دو،دو سو لوگ مارے جاتے تھے۔ قاتل کو مقتول کا پتہ نہیں چلتا تھا۔ آٹھ سال ایک آمر نے اپنی خواہشوں کے زیر اثر ملک کا دیوالیہ نکال دیا۔

بے نظیر کی شہادت کے بعدپیپلز پارٹی ان لوگوں کو جہیز میں ملی جن کا پیپلز پارٹی میں کوئی کردار نہ تھا جس کے نتیجے میں پندرہ سے اٹھارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی رہی ۔ جب بھی حکومت ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کرتی ہے تو ترقی کے سفر کو روکنے کے لیے دھرنے دیے جاتے ہیں۔ دھرنوں اور ناچ گانے کی سیاست، پاکستان کی عوام کو پسند نہیں ۔عوام نے شیر کو ووٹ ملک میں تعلیم ،صحت ،امن وامان ،ترقیاتی کاموں کے فروغ اور بے روز گاری ،لوڈشیڈنگ ،دہشت گردی کے خاتمے کے لیے دیے۔

آج وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور شہباز شریف ملک کو دہشت گردی اور توانائی کے بحران سے نکالنے کے لیے دِن رات کو شاں ہیں۔ ریلوے کی ترقی کے لیے شروع کیے گئے منصوبے جب تکمیل کو پہنچیں گے تو اوکاڑہ سے کراچی آٹھ گھنٹے میں پہنچیں گے۔ ٹرین ایک سو ساٹھ کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی۔ ہم نے لاہور سے پشاور کو بھی ڈبل ٹریک کرنے کا منصوبہ شروع کرنا ہے۔ جلسے سے چوہدری ریاض الحق جج ،عاشق کرمانی پارلیمانی سیکریٹری برائے ریلویز، میاں محمد منیر ایم پی اے، وزیر ریلوے کے ایڈوائزر انجم پرویز نے بھی خطاب کیا ۔اس سے قبل وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کی آمد پرہزاروں مسلم لیگی کارکنوں نے ان کابھر پور استقبال کیا ۔

متعلقہ عنوان :