ہر سال 30 طلبہ کو غیر ملکی یونیورسٹیوں میں پی ایچ ڈی جبکہ ایک ہزار طلبہ کو ملکی یونیورسٹیوں میں اعلی تعلیم کیلئے وظائف دیئے جائیں گے

طلبا و طالبات کو غیر ملکی یونیورسٹیوں میں پی ایچ ڈی اور ملکی یونیورسٹیوں میں ماسٹر لیول کی تعلیم کے لئے وظائف ملیں گے پنجاب حکومت چینی زبان سیکھنے کے دوسالہ کورس کیلئے 500 طلبا و طالبات کو چین بھجوائے گی ‘وزیر اعلی شہباز شریف

جمعہ 8 اپریل 2016 22:51

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت یہاں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں شہباز شریف میرٹ سکالرشپ پروگرام کیلئے پالیسی کی منظوری دی گئی اورچینی زبان سکھانے کے سکالر شپ پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا - وزیر اعلی شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے تحت طلبا و طالبات کو غیر ملکی یونیورسٹیوں میں پی ایچ ڈی کی تعلیم کے لئے بھجوایا جائے گاجبکہ پروگرام کے مطابق طلباء و طالبات کو ملکی یونیورسٹیوں میں ماسٹر لیول کی تعلیم کے لئے بھی وظائف دیئے جائیں گے-انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت منتخب ہونے والے طلباء و طالبات کو اعلی تعلیم کے لئے تمام تر وسائل پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے دیئے جائیں گے-ہر سال پی ایچ ڈی کیلئے تیس طلباء و طالبات کو غیر ملکی یونیورسٹیوں جبکہ ماسٹر لیول کیلئے ایک ہزار طلباء و طالبات کو ملکی یونیورسٹیوں میں اعلی تعلیم کے لئے وظائف دیئے جائیں گے - وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ پروگرام کے لئے بھرپور اور موثر انداز سے آگاہی مہم چلائی جائے- پروگرام کی شفافیت یقینی بنانے کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے- انہوں نے کہا کہ شہباز شریف میرٹ سکالر شپ پروگرام میں دیگر صوبوں سمیت آزاد کشمیراور گلگت بلتستان کے طلباء و طالبات کو شامل کیا جائے گا-وزیر اعلی نے کہا کہ پنجاب حکومت چینی زبان سیکھنے کے دوسالہ کورس کیلئے 500 طلبا و طالبات کو چین بھجوارہی ہے اور اس ضمن میں پہلا بیج اسی ماہ چین جائے گا جبکہ دوسرے بیج کے طلباء و طالبات آئندہ چند ماہ میں چینی زبان کے دو سالہ کورس کے لئے چین بھجوایا جائے گا- چینی زبان سیکھنے کے لئے چین جانے والے طلباء و طالبات میں دیگر صوبوں سمیت آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے طلباء و طالبات کو بھی شامل کیا جائے گا- وزیر اعلی نے کہا کہ چینی زبان کے کورس کیلئے طلباء و طالبات کا انتخاب سوفیصد میرٹ پر کیا گیا ہے - انہوں نے ہدایت کی کہ چینی زبان کے کورسز مکمل کرنیوالے طلباء و طالبات کیلئے ملازمت کے مواقع پیدا کرنے کیلئے ابھی سے پالیسی مرتب کی جائے- وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کورسز کے دوران بہترین گریڈ حاصل کرنے والوں کو ہائرڈگری کورسز کرائے جائیں گے- کیونکہ عصر حاضر میں لینگویج کا علم بہت اہمیت اختیار کر گیا ہے اورنوجوانوں کو دیگر لینگویج سکھانے کے لئے وسائل کی فراہمی قوم کے تابناک مستقبل پر سودمند سرمایہ کاری ہے اورنوجوانوں کو غیر ملکی زبانوں کے کورسز کرانا ایک قومی خدمت ہے - وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایسے لینگویج کورسز سے قومی تعمیر کی کاوشوں کو تقویت ملے گی-پنجاب کے تعلیمی پروگراموں اور لینگویج کورسز میں دیگر صوبوں کے طلباء و طالبات کی شمولیت سے قومی یکجہتی کو فروغ مل رہا ہے - انہوں نے کہا کہ پاک چین معاشی تعلقات کے تناظر میں نوجوانوں کو چینی زبان کے کورسز کرانا نہایت اہمیت کا حامل ہے اورنوجوانوں کو چینی زبان کے کورسز کیلئے چین بھجوانے کے پروگرام سے دو طرفہ اقتصادی تعاون مزید بڑھے گااورچینی زبان کا دوسالہ کورس مکمل کرنے والے ماسٹر ٹرینرثابت ہوں گے- انہوں نے کہا کہ چینی زبان سیکھنے والے نوجوان پاک چین معاشی تعلقات کے فروغ میں ممدومعاون ثابت ہوں گے- وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ ترک زبان سیکھنے کیلئے 30طلبا کو ترکی بھجوانے کا پروگرام بھی ترتیب دیا جائے-سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نے شہباز شریف میرٹ سکالرشپ پروگرام اور چائنیز لینگویج کورس پروگرام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی-صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن بیگم ذکیہ شاہنواز ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن، متعلقہ سیکرٹریز، وائس چیئرمین پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ، وائس چانسلرز، ماہرین تعلیم اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی-

متعلقہ عنوان :