اسلامی تعاون کی تنظیم او آئی سی کے سربراہ اجلاس میں اسلامی اقدار کے فروغ ، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر او آئی سی کے کردار کو اجاگر کرنے کے لئے اہم فیصلے کئے جائیں گے

بدھ 13 اپریل 2016 22:57

اسلام آباد ۔ 13 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 اپریل۔2016ء) اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) کے سربراہ اجلاس میں اسلامی دنیا کے رہنما مشترکہ اسلامی اقدار کے فروغ ، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر او آئی سی کے کردار کو اجاگر کرنے کے لئے اہم فیصلے اور عملی اقدامات کرینگے۔ اجلاس کے ایجنڈے میں او آئی سی کا پروگرام 2016-2025ء بھی شامل ہے جو خصوصی ترجیحات کے ساتھ اسٹریٹجک وژن پر مشتمل ہے اور اس کا مقصد او آٰئی سی کے رکن ممالک میں امن و سلامتی کے ایشوز کو حل کرنا، انتہاپسندی و دہشتگردی کا خاتمہ ، انسانی فلاح کام، انسانی حقوق، ترقی، غربت کا خاتمہ، وبائی امراض کا خاتمہ، خواتین اوربچوں کے حقوق اور فیملی پلاننگ سمیت اعلیٰ تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، ثقافتی تبادلہ ہے۔

(جاری ہے)

تیرہویں اسلامی سربراہ اجلاس کا موضوع انصاف اور امن کے لئے اتحاد و یکجہتی ہے، اجلاس میں شام، یمن، لیبیا، افغانستان، صومالیہ، مالی، جموں و کشمیر، بوسینیا ہرزیگوینا کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینا اور آذربائیجان پر آرمینیا کی جارحیت اور رکن ممالک کو درپیش تنازعات اور غیرمستحکم سکیورٹی صورتحال پر بھی غوروخوص ہو گا۔ استنبول سربراہ اجلاس میں او آئی سی سے باہر دیگر ممالک میں مسلمانوں کی صورتحال اور دہشتگردی کے خاتمے کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

اجلاس میں رکن ممالک کے درمیان پائیدار ترقی، سائنسی تعاون کا فروغ، صحت، اعلیٰ تعلیم، ماحولیات، ثقافتی، سماجی و میڈیا کے شعبوں میں تعاون، انسانی صورتحال، غربت کا خاتمہ اور انفراسٹرکچر کی ترقی پر بھی غور ہو گا۔ علاوہ ازیں اسلامی سربراہی اجلاس کی مناسبت سے او آئی سی رکن ممالک کی خواتین اول بھی کینسر پر قابو پانے سے متعلق کوششوں کے بارے میں خصوصی سیشن کا انعقاد کریں گی ۔ دریں اثنا بدھ کو او آئی سی ممالک کے وزرائے خارجہ کا سربراہی اجلاس کے متعلق ابتدائی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔