لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے وفاق ، وزارت داخلہ ، شریف خاندان اور نیب کو پانامہ لیکس پر نوٹسز جاری

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 14 اپریل 2016 11:30

لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے وفاق ، وزارت داخلہ ، شریف خاندان اور نیب کو ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14 اپریل 2016ء) : پانامہ لیکس پر لاہور ہائیکورٹ نے وفاق ، وزارت داخلہ ، نیب اور شریف خاندان کو نوٹسز جاری کر دئیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پانامہ لیکس پر لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما گوہر نواز سندھو سمیت دیگر نے درخواستیں دائر کی تھیں جن میں موقف اختیارکیا گیا تھا کہ 2013ء کے انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرواتے وقت نواز شریف نے اپنے بچوں کے اثاثوں کی تفصیلات خفیہ رکھیں اور کاغذات میں اپنے اور بچوں کے اثاثوں کی درست تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا ۔

(جاری ہے)

درخواست میں الزام عائد کیا گیا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے کاغذات نامزدگی میں غلط بیانی سے کام لیا اور اب پاناما لیکس کے انکشافات سے وزیر اعظم اور ان کے اہل خانہ کے ارکان کے خفیہ اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں جس پر نیب کو نواز شریف کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے جبکہ وزیر اعظم کو پانامہ لیکس کے انکشافات کی روشنی میں نااہل قرار دیا جائے ۔ درخواست گزار کی استدعا پر عدالت نے پانامہ لیکس کی دستاویزات کو ریکارڈ کا حصہ بنانے کا حکم دیتے ہوئے وفاق، نیب ، شریف خاندان اور وزارت داخلہ کو ایک ہفتے کے لیے نوٹسز جاری کر دئیے ۔