کرپشن میں ملوث ہونے کے ثبوت ملنے پر کسی بھی افسر کے خلاف کارروائی کی جائے گی ، وزیر داخلہ سندھ

پیپلز پارٹی کے رہنما قادر پٹیل انڈر ٹرایل ہیں ،، انکے معاملے پر کچھ نہیں کہہ سکتا ،،پولیس شہدا کے ورثا کو امدادی چیک تقسیم کئے جانے کی تقریب سے خطاب

جمعہ 15 اپریل 2016 22:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 اپریل۔2016ء) پولیس ہیڈ کوارٹر گارڈمیں منعقد تقریب میں صوبائی وزیر داخلہ سندھ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ ایڈیشنل آئی جی کراچی، اے آئی جی سی ٹی ڈی اور اے آئی جی ٹریفک سندھ کے علاوہ دیگر اعلیٰ پولیس افسران نے بھی شرکت کی،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے کہا کہ کرپشن میں ملوث ہونے کے ثبوت ملنے پر کسی بھی افسر کے خلاف کارروائی کی جائے گی ، پیپلز پارٹی کے رہنما قادر پٹیل انڈر ٹرایل ہیں ،، انکے معاملے پر کچھ نہیں کہہ سکتا ،پولیس شہدا کے ورثا کو امدادی چیک تقسیم کئے جانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن کے قیام کے لئے سندھ پولیس کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے، انہوں نے شہدا پولیس کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کی بحالی میں پاک فوج اور رینجرز سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس اداروں کے علاوہ حکومت سندھ کا بھی برابر کا کردار ہے، ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پی پی رہنما قادر پٹیل انڈر ٹرائل ہیں اس معاملے میں کچھ نہیں کہہ سکتا ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کا کہنا تھا کہ امن و امان کے قیام کے لئے دیگر صوبوں کی نسبت سندھ پولیس نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، سندھ پولیس شہدا کے بچوں کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لئے شہر کی معروف جامعات سمیت دیگر تعلیمی اداروں سے معاہدے ہوچکے ہیں جسکے تحت شہدا کے بچوں کو ان تعلیمی اداروں میں مفت تعلیم دی جائے گی۔

(جاری ہے)

تقریب میں 2015اور 2016کے 38شہید پولیس افسران اور اہلکاروں کے ورثا کو 20، 20لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم کئے گئے ،آئی جی سندھ اللہ ڈنو خواجہ کا کہنا ہے کہ آپریشن ضرب عضب تو کچھ عرصہ پہلے شروع ہوا ہے لیکن سندھ پولیس 1988سے ہر روز قربانی دے رہی ہے۔۔ شہدائے پولیس کے ورثہ کو سہولت فراہم کرنے کے لئے سینٹرل پولیس آفس میں شہدا فیسیلیٹیشن سینٹر کا افتتاح جلد کیا جائے گایہ بات انہوں نے شہدائے پولیس کے ورثاء کو امدادی چیک تقسیم کئے جانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا،،تقریب میں آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس کی قربانیاں تو سب سے زیادہ ہیں لیکن امدادی رقم سب سے کم ہے،، دیگر صوبوں میں پولیس شہدا کو 60لاکھ سے ڈیڑھ کروڑ روپے تک امداد دی جا رہی ہے ، انہوں نے صوبائی وزیر داخلہ سے درخواست کی کہ شہدا پولیس کی امداد بڑھانے کے لئے اقدام کریں ،، آئی جی سندھ کی درخواست پر صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شہدا پولیس کی امداد دیگر صوبوں سے زیادہ نہیں تو انکے برابر کرائے جانے کے لئے اقدام ضرور اٹھائیں گے۔

متعلقہ عنوان :