طلباء علم کے حصول پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں،موریشس کی صدر ڈاکٹر بی بی امینہ فردوس گارب فکیم کی گرینوچ یونیورسٹی کیمپس کے دورے کے موقع پر طلباء سے گفتگو

بدھ 20 اپریل 2016 11:23

کراچی ۔ 19 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 اپریل۔2016ء) موریشس کی صدر ڈاکٹر بی بی امینہ فردوس گارب فکیم جو پاکستان کی سرکاری دورہ پر ہیں، منگل کو گرینوچ یونیورسٹی کیمپس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے فیکلٹی ممبران اور طلبہ سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے طلبہ سے کہا کہ وہ علم کے حصول پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں۔

ڈاکٹر بی بی امینہ فردوس گارب فکیم جو خود سائنسداں اور محقق ہیں نے کہا کہ نظم و ضبط اور خلوص کامیابی کے راستے ہموار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کو دیکھ کر انہیں خوشی ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسانی وسائل پر سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس خیال کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے کہ وہ ملک کی ضرورتوں کو پورا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے معاشرے میں ہم آہنگی اور برداشت کی اہمیت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برداشت پر مشتمل معاشرے کی تخلیق کے لئے عزت اہم جز ہے۔ گرینوچ یونیورسٹی کی چانسلر نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور مہمان صدر کو یونیورسٹی کا نشان پیش کیا۔ بعد ازاں ماہر تعلیم پیرا میوسٹیکل انڈسٹری اور ٹیکسٹائل انڈسٹری کے وفود نے گرینوچ یونیورسٹی کے کیمپس میں مہمان صدر سے ملاقات کی۔ یونیورسٹی کی چانسلر نے کہا کہ گرینوچ یونیورسٹی کی طلباء اور اکیڈمی ممبران پر مشتمل وفد امسال موریشس کے دورے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔