لیونل میسی پاسپورٹ تصویر کیس، دبئی پولیس اہلکار کو ایک ماہ جیل کے بعد بری کر دیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 20 اپریل 2016 13:47

لیونل میسی پاسپورٹ تصویر کیس، دبئی پولیس اہلکار کو ایک ماہ جیل کے بعد ..

دبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20 اپریل 2016ء) : لیونل میسی کے پاسپورٹ کی تصویر کے کیس میں ایک ماہ زیر حراست رہنے والے پولیس اہلکار کو رہا کر دیا گیا ہے۔ پولیس اہلکار کو گذشتہ روز اپیل کورٹ نے کیس سے بری کر دیا۔ پولیس اہلکار کے وکیل کا کہنا تھا کہ عدالت کا یہ فیصلہ نہایت اہم ہے، کیونکہ اپنے فیصلے میں عدالت میں میرے موکل کو بے قصور قرار دے دیا ہے۔

وکیل نے کہا کہ میرے موکل نے میسی کے پاسپورٹ کی تصویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے سے قبل میسی کے بزنس مینجر سے اجازت طلب کی تھی۔ وکیل نے مزید کہا کہ میسی ایک اسٹار ہے اور اس کی تصویریں انٹر نیٹ پر بھی موجود ہیں، میرے موکل کی جانب سے میسی کے پاسپورٹ کی تصویر اپ لوڈ کرنے سے میسی کو کوئی فرق نہیں پڑا بصورت دیگر وہ ضرور میرے موکل کے خلاف شکایت درج کرتے۔

(جاری ہے)

مذکورہ پولیس اہلکار کو مقدمے کی سماعت التوا کا شکار ہونے پر معطل کر دیا گیا تھا جبکہ 21 دن زیر حراست رہنے کےبعد اہلکار کی ضمانت بھی منظور کر لی گئی تھی۔ یاد رہے کہ اماراتی آفیسر کو بارسلونا کے سٹار لیونل میسی کے اپسپورٹ کی تصویر آن لائن شئیر کرنے پر ایک ماہ قید کی سزا سُنا ئی گئی تھی۔ پولیس آفیسر نے عدالت میں اپنے جُرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ میرا مقصد میسی کی پرائیویسی کو ٹھیس پہنچانا نہیں تھا۔

یہ واقعہ تب کا ہے جب گذشتہ برس دسمبر میں لیونل میسی ایک گلوبل ایوارڈ کی تقریب میں شرکت کے لیے دبئی آئے۔پراسیکیوشن ریکارڈ کے مطابق مذکورہ آفیسر ائیر پورٹ کے ٹرمینل 2 پر اپنی رخصت کی درخاست لیے کھڑا تھا جب 26 سالہ آفیسر کو معلوم لیونل میسی کی آمد کا علم ہوا۔ سارجنٹ نے تفتیشی افسر کو بتایا کہ وہ میسی کے ساتھ سیلفی لینے میں ناکام رہا لیکن پاسپورٹ کاؤنٹر سے گزرتے وقت میری نظر میسی کے پاسپورٹ پر پڑی لہٰذا میں نے پاسپورٹ کی تصاویر بنا کر سنیپ چیٹ پر شئیر کیں جس کے بعد وہ وائرل ہو گئیں۔

متعلقہ عنوان :