حکومت ،قوم اور فوج دہشت گردی اور بدعنوانی کے خاتمے کیلئے ایک صفحے پرہیں ، بد عنوانی کے خاتمے کے بغیر دہشت گردی کے خلاف جنگ نہیں جیتی جاسکتی ، پاکستان کی سالمیت ، خودمختاری ، استحکام اور ملک میں دیرپا امن کے لئے بدعنوانی کا خاتمہ ضروری ہے

ارکان پارلیمنٹ طاہرہ اورنگزیب، شائستہ پرویزاوردفاعی تجزیہ کاروں کی گفتگو

بدھ 20 اپریل 2016 18:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 اپریل۔2016ء) سیاسی رہنماؤں اوردفاعی تجزیہ کاروں نے کہاہے کہ حکومت ،قوم اور فوج دہشت گردی اور بدعنوانی کے خاتمے کیلئے ایک صفحے پرہیں ، بد عنوانی کے خاتمے کے بغیر دہشت گردی کے خلاف جنگ نہیں جیتی جاسکتی ، اس لئے ہمیں بدعنوانی کے خاتمے کی کوششوں کی مکمل حمایت کرنا ہوگی۔ آرمی چیف کے بلاامتیاز احتساب کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں ، پاکستان کی سالمیت ، خودمختاری ، استحکام اور ملک میں دیرپا امن کے لئے بدعنوانی کا خاتمہ ضروری ہے۔

بدھ کو ایک نشریاتی ادار ے سے گفتگو میں مسلم لیگ ن کی ممبر قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم نے ہمیشہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ چاہا ہے ۔ آرمی چیف نے بجا طور پر کہا ہے کہ دیرپا امن اور ملکی سالمیت وخوشحالی کیلئے احتساب ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

حکومت اور عسکری قیادت ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔ حکومت نے ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے اقدامات کیے ہیں۔

موجودہ حکومت تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر ملک مفاد کے لئے فیصلے کرتی ہے جو کہ خوش آئند اقدام ہے۔ ممبر قومی اسمبلی شائستہ پرویز نے کہا کہ آرمی چیف نے ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے وزیراعظم کے موقف کی حمایت کی ہے تاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔ قوم، فوج اور حکومت ملک سے دہشتگردی اور کرپشن کے خاتمے کیلئے ایک صفحے پر ہیں ۔

گزشتہ حکومتوں کے مقابلے میں موجودہ حکومت کے دور میں کرپشن کی شرح بڑی حد تک کم ہوئی ہے۔ موجودہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسوں کی وجہ سے بہت جلد ہمارا ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ دفاعی تجزیہ کار امجد شعیب نے کہا کہ ملک کی سالمیت، یکجہتی اور خوشحالی کیلئے سب کا احتساب ضرور ی ہے۔ ہماری سیکورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہیں۔

دفاعی تجز یہ کار میجر جنرل (ر) فاروق نے کہا کہ آرمی چیف نے واضح پیغام دیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف لڑی جانے والی جنگ کرپشن کے خاتمے کے بغیر جیتی نہیں جا سکی۔ پاک چین راہداری ایک گیم چینجر منصوبہ ہے اور اس کی حفاظت کی ذمہ داری آرمی نے لے رکھی ہے۔ پاک فوج ملک کی سالمیت اور ترقی کیلئے ہرممکن کوششیں کر رہی ہیں۔دفاعی تجزیہ کار کرنل (ر) افضل داد نے کہا کہ یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم ملک کا دفاع کریں ۔

دفاع صرف سرحدوں پر ملک کی سلامتی کا نام نہیں اس وقت ملک سے کرپشن کا خاتمہ کرنا ہی ملک کادفاع ہوگا۔اس کے لئے ضروری ہے کہ ہر ایک کا احتساب ہو۔سینئر تجزیہ کار ڈاکٹر زید انور خان نے کہا کہ بلا امتیاز احتساب نہ ہونے کہ وجہ سے بہت سے ادارے کمزور ہوتے جارہے ہیں۔ ہر ادارے کا احتساب ہونا چاہیے۔ ہمیں پائیدار امن اور خوشحالی کیلئے کرپشن کو جڑ سے اکھاڑپھینکنے کی کوششوں کاساتھ دینا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :