تیسری ایچ ای سی انٹر یونیورسٹی ویمن جُو۔ جتسُو چمپئن شپ پنجاب یونیورسٹی نے جیت لی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 20 اپریل 2016 18:04

تیسری ایچ ای سی انٹر یونیورسٹی ویمن جُو۔ جتسُو چمپئن شپ پنجاب یونیورسٹی ..

لاہور( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔آئی پی اے۔20اپریل۔2016ء) :تیسری ہائر ایجوکیشن کمیشن انٹر یونیورسٹی ویمن جُو۔جتسُو (کراٹے) چیمپئن شپ2015-16 ء میں پنجاب یونیورسٹی کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے 170پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن اپنے نام کر لی جبکہ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی 80پوائنٹس اور ایمپریل کالج آف بزنس سٹڈیز لاہور 59پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن پر رہے ۔

دو روز جاری رہنے والی چیمپن شپ کی اختتامی تقریب کا انعقادپنجاب یونیورسٹی کے نیو جمنیزیم میں کیا گیا جس میں پرنسپل لاء کالج ڈاکٹر شازیہ نورین قریشی، ڈائریکٹر سپورٹس مسز شمسہ ہاشمی، صدر جُو ۔جتسُو فیڈریشن پاکستان خلیل احمد خان ، آفیشلزاور کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں ڈاکٹر شازیہ نے کہا کہ سہولیات کا فقدان ہونے کے باوجود خواتین کا سپورٹس کے میدانوں میں اپنا ہنر دکھانا نہ صرف والدین، اساتذہ اور کوچز بلکہ قوم کیلئے بھی باعث فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ابھی شروعات ہے ہماری خواتین کو مزید محنت کرکے مستقبل میں دنیا بھر میں اپنا مقام بنانا ہے۔ انہوں نے کامیابی پانے والی کھلاڑیوں کو مبارک باد پیش کی ۔ چیمپئن شپ میں پنجاب یونیورسٹی، اقراء یونیورسٹی کراچی،ایگریکلچرل یونیورسٹی فیصل آباد، جی سی یونیورسٹی فیصل آباد، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی ، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور ایمپریل کالج آف بزنس سٹڈیز سے سات ٹیموں نے حصہ لیا۔بعد ازاں ڈاکٹر شازیہ قریشی نے جیتنے والی ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :