کرکٹ آسٹریلیا نے سال 2016-17 ہوم سیزن کے شیڈول کا اعلان کر دیا

عالمی چیمپئن آسٹریلوی ٹیم جنوبی افریقہ، پاکستان، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی میزبانی کرے گی

بدھ 20 اپریل 2016 20:36

کرکٹ آسٹریلیا نے سال 2016-17 ہوم سیزن کے شیڈول کا اعلان کر دیا

میلبورن (اُردو پوائنٹ اخاُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اپریل۔2016ء) کرکٹ آسٹریلیا نے سال 2016-17 ہوم سیزن کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق عالمی چیمپئن آسٹریلوی ٹیم جنوبی افریقہ، پاکستان، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی میزبانی کرے گی۔ کرکٹ آسٹریلیا کی طرف سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق چار ٹیمیں آسٹریلیا کا دورہ کریں گی، سب سے پہلے پروٹیز ٹیم تین ٹیسٹ میچز کھیلے گی، اس کے بعد چیپل ہیڈلی ٹرافی ہو گی، پھر پاکستان کینگروز کے خلاف ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کھیلے گا اور آخر میں سری لنکن ٹیم تین ٹی ٹونٹی کھیلے گی۔

آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 3 سے 7 نومبر تک پرتھ، دوسرا ٹیسٹ 12 سے 16 نومبر تک ہوبارٹ جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 24 سے 28 نومبر تک ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان چیپل ہیڈلی ٹرافی کا پہلا میچ 4 دسمبر، دوسرا میچ 6 دسمبر جبکہ تیسرا اور آخری ایک روزہ میچ 9 دسمبر کو کھیلا جائے گا، اس کے بعد آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان پہلا ٹیسٹ 15 سے 19 دسمبر تک برسبین، دوسرا ٹیسٹ 26 سے 30 دسمبر تک میلبورن جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 3 سے 7 جنوری تک سڈنی میں کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 13 جنوری، دوسرا میچ 15، تیسرا میچ 19، چوتھا میچ 22 جبکہ پانچواں اور آخری میچ 26 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ 17 فروری، دوسرا میچ 19 فروری جبکہ تیسرا اور آخری میچ 22 فروری کو کھیلا جائے گا۔