اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی

آئی سی سی نے ہانگ کانگ کے فاسٹ باؤلر عرفان احمد پر ڈھائی سال پابندی عائد کردی عرفان کو کرپشن سمیت کسی بھی جرم کا مرتکب نہیں ٹھہرایا گیا لیکن وہ سزا کے خلاف اپیل کے اپنے حق سے دستبردار ہو گئے ہم کرپشن کے خلاف جاری آئی سی سی کی جنگ کی حمایت کرتے ہیں، تعاون جاری رکھیں گے ، چیئرمین ہانگ کانگ کرکٹ ایسوسی ایشن

بدھ 20 اپریل 2016 22:02

اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20 اپریل۔2016ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر ہانک کانگ کے فاسٹ باوٴلر عرفان احمد پر ڈھائی سال کی پابندی عائد کردی ہے۔عرفان کو کرپشن سمیت کسی بھی جرم کا مرتکب نہیں ٹھہرایا گیا لیکن وہ سزا کے خلاف اپیل کے اپنے حق سے دستبردار ہو گئے ہیں۔تاہم آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کا کہنا ہے کہ وہ جنوری 2012 سے جنوری 2014 تک کرپشن کیلئے ان تک رسائی کرنے یا انہیں دعوت دینے والوں کے بارے میں مکمل معلومات دینے سے قاصر رہے۔

(جاری ہے)

انہیں اسی سلسلے میں آئی سی سی کے ضابطے کی خلاف ورزی کا مرتکب ٹھہرایا گیا ہے۔اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے تحقیقات کے بعد انہیں نومبر 2015 میں عبوری طور پر معطل کیا گیا تھا اور ان پر پابندی کا اطلاق چار نومبر 2015 سے ہو گا اور اس کا خاتمہ چار مئی 2018 کو ہو گا۔ہانگ کانگ کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین مائیک والش نے کہا کہ ہم کرپشن کے خلاف جاری آئی سی سی کی جنگ کی حمایت کرتے ہیں اور اس سلسلے میں ان میں بھرپور تعاون کرتے رہیں گے۔26 سالہ عرفان نے 2008 میں اپنے ڈیبیو کے بعد اب تک چھ ایک روزہ اور آٹھ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں شرکت کی اور آخری مرتبہ جولائی 2015 میں ہانک کانگ کی نمائندگی کی تھی۔ ۔

متعلقہ عنوان :