فاروق ستار معصوم ہیں ان کی باتوں کا جواب نہیں دینا، مصطفی کمال

بدھ 20 اپریل 2016 22:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 اپریل۔2016ءپاک سر زمین پارٹی کے 24 اپریل کے جلسے کی تیاریاں جس تیزی سے جاری ہیں اسی تیزی سے رہنماوں کی پھرتیاں بھی بڑھ گئی ہیں۔ مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ24 اپریل کو ہونے والا جلسہ کسی کے خلاف نہیں ہے بلکہ پاکستان کو جوڑنے کی ایک کوشش ہے۔کراچی کی سیاست میں ہلچل مچانے والے پاک سر زمین پارٹی کا پہلا جلسہ چند روز کی دوری پر ہے ۔

پاک سر زمین پارٹی کے رہنما مصطفی کمال نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ باغ جناح میں جلسے کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر فاروق ستار معصوم آدمی ہے ان کے بارے میں کچھ نہیں کہیں گے۔ مصطفی کمال نے کہا کہ ندیم نصرت ننھے منھے ہیں جنہیں کسی بات کا علم نہیں انہیں تو گرائپ واٹر کے اشتہار میں آنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ جلسے کے کل اخراجات کا تخمینہ 15 سے 20 کڑور روپے ہے ۔انہوں نے مخیر حضرات سے جلسے کے حوالے سے مالی مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔ مصطفی کمال نے کہا کہ 24 اپریل کو جلسے سے ایک روز قبل باغ جناح میں جشن پاکستان فیملی فیسٹیول منایا جائے گا ۔ جلسے کی تیاری شروع کر دی ہے اب 24 اپریل تک یہی پڑاؤ ہو گا۔