پاکستان کپ،اسلام آباد نے خیبر پختونخوا کو 2وکٹوں سے ہرا دیا

بدھ 20 اپریل 2016 23:12

پاکستان کپ،اسلام آباد نے خیبر پختونخوا کو 2وکٹوں سے ہرا دیا

فیصل آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔20اپریل 2016ء )پاکستان کپ کے دوسرے میچ میں زک اسلام آباد نے خیبر پختونخوا کو 2وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ انداز سے آغاز کرلیا۔اقبال سٹیڈیم ،فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں خیبر پختونخواکی ٹیم یونس خان کے 61،فخر زمان کے 45اور احمد شہزاد کے 31رنز کی بدولت 46اوورز میں 212رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ،اسلام آباد کی جانب سے حماد اعظم نے 3،محمد عباس نے 2جبکہ شاداب خان اور محمد سمیع نے ایک ،ایک شکار کیا ۔

(جاری ہے)

جواب میں اسلام آباد کا آغاز اچھا نہ رہا اور 9رنز پر اس کے 3کھلاڑی پوویلین لوٹ گئے، کامران اکمل 4،ناصر جمشید 2اور شرجیل خان 1رن بنا کر پوویلین لوٹ گئے ۔ مرد بحران مصباح الحق اس موقع پر سیسہ پلائی دیوار بن گئے اور انہوں نے افتخار احمد کیساتھ ملکر چوتھی وکٹ کے لیے 103رنز کا اضافہ کیا۔افتخار 48رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عمران خالد بھی بغیر کچھ کیے چلتے بنے ۔ حماد اعظم بھی 17رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ مصباح الحق کی ہمت بھی 82رنز پر جواب دے گئی ۔شاداب خان کے ناقابل شکست 33رنز کی بدولت اسلام آباد نے کے پی کے کو 2وکٹوں سے ہرا کر ایونٹ کی پہلی کامیابی سمیٹ لی۔