اپوزیشن جماعتوں کے مطالبے پر وزیراعظم نے چیف جسٹس کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا اعلان کردیا ہے،کمیشن مکمل بااختیار ہوگا، ڈاکٹر مصدق ملک

ہفتہ 23 اپریل 2016 22:37

اسلام آباد ۔ 23 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 اپریل۔2016ء) وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے مطالبے پر وزیراعظم محمد نواز شریف نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا اعلان کردیا ہے۔ ہفتہ کو پاکستان ٹیلی ویژن سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے کمیشن کی تشکیل کا اعلان اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ کمیشن مکمل بااختیار ہوگا اور پاناما پیپرز کے حوالے سے وزیراعظم اور ان کی فیملی پر لگائے گئے الزامات کی آزادانہ طور پر تحقیقات کرسکے گا۔ ترجمان وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے خود کو اور اپنی فیملی کو ہر قسم کی تحقیقات کیلئے پیش کردیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمیشن کو ہر مطلوبہ مدد کی فراہمی کیلئے تمام اداروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ عمران خان یا کسی اور شخص کے پاس پاناما پیپرز کے حوالے سے وزیراعظم یا ان کے خاندان کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت موجود ہیں تو وہ انہیں کمیشن کے سامنے پیش کرسکتے ہیں۔