جنوبی پنجاب جرائم پیشہ افراد کا گڑھ بن چکا ہے،پنجاب کے دیگر اضلاع سے جرائم کرکے مجرمان جنوبی پنجاب میں پناہ لے لیتے ہیں،ذوالفقار کھوسہ

اتوار 24 اپریل 2016 18:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اپریل۔2016ء) سینیٹر سردار ذوالفقار علی کھوسہ نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب جرائم پیشہ افراد کا گڑھ بن چکا ہے۔ پنجاب کے دیگر اضلاع سے جرائم کرکے مجرمان جنوبی پنجاب میں پناہ لے لیتے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنماء و سینیٹر سردار سردار ذوالفقار علی نے کہا کہ پنجاب حکومت اور پولیس جنوبی پنجاب میں امن و امان کے حوالے سے یکسر نطر انداز کررہی ہیں جس کی وجہ سے جرائم پیشہ افراد نے پسماندہ ترین علاقوں کو اپنی اماجگاہ بنالیا ہے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 50 سال سے جنوبی پنجاب کو دانستہ طور پر محروم رکھا گیا ہے اور سکول و کالجز کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ پنجاب اور ملک کے دیگر علاقوں سے مجرمان نے پناہ لینے کیلئے جنوبی پنجاب کا رخ کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

جنوبی پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازہ خان‘ راجن پور ‘ رحیم یار خان کے مقیم جرائم پیشہ افراد سے پریشان ہیں۔ اسی طرح جنوبی پنجاب میں جرائم کا بے پناہ اضافہ ہونے کی اصل وجہ حکومت کی نظر اندازی ہے اور پولیس آفیسران اور دیگر سکیورٹی اداروں نے اس علاقے کو نظر انداز کر رکھا ہے۔

حکومتی اداروں اور سکیورٹی اداروں کو امن و امان اور دیگر ترقیاتی کاموں کے حوالے سے جنوبی پنجاب کو خصوصی پیکج دے کر محرومیاں ختم کریں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ غربت اور پسماندگی کی وجہ سے جنوبی پنجاب کے مکینوں کے بھی جرائم پیشہ افراد کے ساتھ ملنے کے رجحان میں بھی اضافہ ہورہا ہے اس حوالے سے حکومت کو سوچنا چاہیے۔