پانامہ لیکس پر نئی وضاحتیں نیا دھوکہ ہیں ، آف شور کمپنیوں کے آگے پیچھے حکمران خاندان ہے‘ڈاکٹر طاہر القادری

وزیر اعظم کے بچوں نے آف شور کمپنیوں کا اعتراف کر کے ہر قسم کے ابہام ختم کر دئیے ہیں‘ اجلاس سے خطاب

بدھ 27 اپریل 2016 22:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اپریل۔2016ء ) طاہر القادری نے کہا ہے کہ وکلاء پانامہ لیکس کی کرپشن پر اپنا قومی و قانونی کردار ادا کریں، ملکی خزانہ لوٹنے والوں نے اپنے معاشی جرائم چھپانے کیلئے خزانے کے منہ کھول دئیے ہیں ،پانامہ لیکس کے حوالے سے نئی وضاحتیں ،نیا دھوکہ ہیں ۔ آف شور کمپنیوں کے آگے اور پیچھے حکمران خاندان ہے ۔

وزیر اعظم کے بچوں نے آف شور کمپنیوں کا اعتراف کر کے ہر قسم کے ابہام ختم کر دئیے ہیں۔ پانامہ لیکس کرپشن پرابھی تک کمیشن نہیں بنا ،قوم اب ایکشن کی منتظر ہے ۔عوامی تحریک کے کارکن ملک گیر احتجاجی ریلیوں کی صورت میں احتجاج ریکارڈ کروا رہے ہیں ،سانحہ ماڈل ٹاؤن پر انصاف کے منتظر ہیں۔وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ عوامی لائرز ونگ کے اجلاس سے ٹیلی فونک خطاب کر رہے تھے ،اس موقع پر اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ ،نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ ،مشتاق نوناری ایڈووکیٹ ،آصف سلہریا ایڈووکیٹ ،ایم ایچ شاہین ایڈووکیٹ ،سردار غضنفر ایڈووکیٹ ،ناصر اقبال ایڈووکیٹ ، یاسر ملک ایڈووکیٹ و دیگر وکلا ء بھی اجلاس میں موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ ظالم اور جابر حکمرانوں نے ہمیشہ غریبوں کو دھوکہ دیا ،لیکن اب ظلم کی تاریک رات ختم ہونے والی ہے ۔جب تک شہداء ماڈل ٹاؤن کے اصل قاتل گرفتار نہیں ہوتے یہ کیس بھی ختم نہیں ہو گا ،ہمارے ملزمان وہ حکمران ہیں جو سانحہ ماڈل ٹاؤن پر بننے والے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ دبا کر بیٹھے ہیں ،موجودہ حکمران انسانیت اورانسانی حقوق کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہیں ۔

متعلقہ عنوان :