لاہور : فلم ’مالک‘ کی نمائش پر پابندی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 28 اپریل 2016 12:24

لاہور : فلم ’مالک‘ کی نمائش پر پابندی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28 اپریل 2016ء) : پاکستانی فلم مالک کی نمائش پر حکومت کی جانب سے عائد پابندی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں محبوب عالم ایڈووکیٹ نے حکومتی اقدام کو چیلنج کرتے ہوئے درخواست دائر کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ فلم مالک میں ملک میں کرپشن کے خلاف آگہی پیدا کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

فلم پر پابندی عائد کرنے کا حکومتی اقدام غیر قانونی ہے کیونکہ حکومت نے فلم پر پابندی عائد کرنے کے لیے قانونی طریقہ اختیار نہیں کیا۔ درخواست میں مطالبہ کیا گیا کہ فلم مالک کی نمائش پر عائد کی گئی پابندی کو کالعدم قرار دیا جائے۔ یاد رہے کہ پاکستانی فلم ”مالک “ میں منتخب نمائندوں کی مبینہ توہین کرنے پر سنسر بورڈ نے اس فلم پر گذشتہ رات پابندی عائد کر دی تھی۔ پابندی کا فیصلہ وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے کیا گیا۔ سنسر بورڈ کی جانب سے مذکورہ فلم کا سرٹیفکیٹ منسوخ کر کے تمام سینما گھروں کے مالکان کو بھی اس پابندی سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے۔