وزیراعلیٰ شہبازشریف نے رحیم یار خان اور بہاولپور میں مصروف ترین دن گزارا

رحیم یارخان میں انڈسٹریل سٹیٹ کا افتتاح اور خواجہ غلام فرید یونیورسٹی کا دورہ کیا

جمعرات 28 اپریل 2016 22:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 اپریل۔2016ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے گزشتہ روز اپنے رحیم یار خان اور بہاولپور کے دورے کے دوران مصروف ترین دن گزارا۔ وزیراعلیٰ نے رحیم یارخان میں انڈسٹریل سٹیٹ کا افتتاح کیا۔ بعدازاں خواجہ غلام فرید انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کا دورہ کیا اور زیرتعلیم طلبا و طالبات سے ان کی نصابی سرگرمیوں کے بارے میں دریافت کیا۔

(جاری ہے)

انہو ں نے طلبا کو اپنی تمام تر توجہ حصول تعلیم پر مرکوز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل روشن پاکستان کی ضمانت ہے، اس لئے وہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنے آپ کو جدید علوم سے آراستہ کرے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے بہاولپور کے دورے کے دوران امن عامہ، ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاسوں کی صدارت کی اور رات گئے سول ہسپتال کا اچانک معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں طبی سہولتوں کا جائزہ لیا اور مریضوں سے ان کے علاج معالجے کے بارے میں دریافت کیا۔